دنیا افغانستان کی اقتصادی بحالی کیلیے اقدامات کرے ‘ شاہ محمود

116

اسلام آباد (اے پی پی) وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہدنیا افغانستان کی اقتصادی بحالی کے لیے اقدامات کرے۔شاہ محمود قریشی سے یورپی یونین کی پارلیمنٹ کے وفد نے بدھ کو وزارت خارجہ میں ملاقات کی جس کی قیادت نکولا پروکاسینی کر رہے تھے۔ ملاقات کے دوران پاکستان اور یورپی یونین کے درمیان کثیرالجہتی شعبہ جات میں دو طرفہ تعاون کے فروغ و اہم
علاقائی و عالمی امور کے بارے میں تبادلہ خیال ہوا۔ فریقین نے دو طرفہ تعلقات کو مزید مستحکم بنانے کے لیے پہلے سے موجود میکانزم کو مزید فعال بنانے کے عزم کا اظہار کیا۔ وزیر خارجہ نے کہا کہ یورپی یونین کی جانب سے پاکستان کو “جی ایس پی پلس” کی سہولت باہمی طور پر فائدہ مند رہی۔ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ پاکستان 40 سال سے افغانستان میں جاری جنگ و جدل کے باعث سب سے زیادہ متاثر ہوا ہے‘ عالمی برادری افغان شہریوں کی اقتصادی بحالی کے لیے ہنگامی بنیادوں پر ٹھوس اقدامات اٹھائے۔ یورپی یونین کے وفد نے کابل سے یورپی ممالک کے سفارتی عملے اور شہریوں کے محفوظ انخلا میں پاکستان کی معاونت کو سراہا۔ وزیر خارجہ نے یورپی یونین کے وفد کی توجہ مقبوضہ جموں و کشمیر میں جاری بھارتی مظالم اور انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کی جانب مبذول کرائی اور کہا کہ پاکستان، خطے میں امن و استحکام کا خواہاں ہے۔