سکھر،جبری ٹریڈ لائسنس فیسوں کیخلاف انجمن تاجران کی ہڑتال

300

سکھر(نمائندہ جسارت ) میونسپل کارپوریشن کی جانب سے تاجروں پر جبری ٹریڈ لائسنس فیسوں ، دکانداروںکو نوٹسز جاری کرنے کے خلاف انجمن تاجران مشن روڈ کی جانب سے شٹر ڈائون ہڑتال کر کے سکھر اسمال ٹریڈرز کے صدر حاجی محمد جاویدمیمن ، ظہیر حسین بھٹی کی قیادت میں احتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔ ظلم کے یہ ضابطے ہم نہیں مانتے، میونسپل کارپوریشن کا جبری ٹیکس نظام نامنظور نامنظور کے بلند شگاف نعرے لگائے۔ احتجاجی مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے حاجی محمد جاوید میمن، ظہیر حسین بھٹی کا کہنا تھا کہ سکھر میونسپل کارپوریشن کی جانب سے تاجروں پر جبری طور پر عائد کردہ ظالمانہ ٹیکس نظام کو کسی بھی صورت قبول نہیں کرینگے،میونسپل کارپوریشن کے ظالمانہ ٹیکس نظام کو پوری تاجر برادری مسترد کر چکی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ تاجر برادری پہلے ہی کئی اقسام کے ٹیکسز ادا کرتے ہیں جس سے شہر اور ملک کا نظام چلتا ہے اس کے باوجود تاجروں کو سہولیات اور مراعات فراہم کرنے کے بجائے تاجروںکو ہی تنگ و پریشان کیا جا رہا ہے ،دو سالوں سے کورونا وبا کے باعث تجارتی سرگرمیاں ٹھپ ہوکر رہ گئی ہے، تاجراپنی دکانوں کے کرایوں، ملازمین کی تنخواہ کی ادائیگی کیلیے بھی پریشان دکھائی دے رہے ہیں۔ اس کے باوجود میونسپل کارپوریشن کی جانب سے جبری طور پر ٹیکس مسلط کر کے تاجروں کو نوٹسز جاری کر کے حراساں کیا جا رہا ہے جسے کسی بھی صورت برداشت نہیں کیا جائے گا۔ان کا کہنا تھا کہ سندھ کا تیسرا بڑا شہر اور تجارتی حب سکھر اربوں روپے کے فنڈز خرچ ہونے کے باوجود بھی اس وقت کھنڈرات کا منظر پیش کر رہا ہے۔ ٹیکس ادا کرنے والے تاجروں کو کسی بھی قسم کی سہولیات فراہم نہیں کی گئیں، شہر کی تجارتی مارکیٹوں اور شاہراہوں پر گند کچرے، غلاظت کے ڈھیر لگے ہوئے ہیں، مسلسل مفلوج نکاسی نظام کے باعث گٹروں اور نالیوں کا پانی تجارتی مراکز کی زینت بنا ہوا ہے، جس کے باعث تجارتی سرگرمیاں جاری رکھنے میں شدید مشکلات اور پریشانیوں کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے، جبکہ خریداری کیلیے آنے والے افراد بھی اذیت ناک صورتحال سے دوچار ہیں۔ جبکہ اربوں روپے کے فنڈز خرچ ہونے کے باوجود آج بھی سکھر کے شہری اور تاجر پینے کے صاف پانی کو ترس رہے ہیں، جوکہ شہر کے منتخب نمائندوں اور میونسپل کارپوریشن انتظامیہ کی نااہلی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ میونسپل کارپوریشن تاجروں پر جبری طور پر ٹریڈلائسنس مسلط کرنے کے بجائے اپنی کارکردگی کو بہتر بنائے، تاجروں کو نوٹسز جاری کرنے کے سلسلے کو فوری طور پر ختم کیا جائے اور شہر میں صفائی ستھرائی، مفلوج نکاسی نظام کی درستگی، پینے کے صاف پانی کی فراہمی کیلیے اقدامات اٹھائے۔ بصورت دیگر تاجر برادری پور ے شہر میں مکمل شٹر ڈائون ہڑتال کر کے میونسپل کارپوریشن کے خلاف بھرپور احتجاجی تحریک کاآغاز کریگی جس کی تمام تر ذمے داری میونسپل کارپوریشن کے افسران پر عائد ہوگی۔