ضلع ہنگو میں سی ٹی ڈی ٹیم پرحملہ، 4 دہشتگردہلاک

176

ہنگو (اے پی پی) خیبر پختونخوا کے ضلع ہنگو میں سی ٹی ڈی ٹیم پر دہشت گردوں نے فائرنگ کی تاہم اہلکار محفوظ رہے جبکہ جوابی کاروائی میں 4 دہشت گرد مارے گئے اور ان کے 4 ساتھی فرار ہو گئے جن کی تلاش کے لیے قریبی علاقوں میں سرچ آپریشن شروع کر دیا گیا ہے۔ سی ٹی ڈی کوہاٹ ریجن سے جاری پریس ریلیز کے مطابق سی ٹی ڈی آپریشن ٹیم ضلع ہنگو کی تحصیل ٹل اور شمالی وزیرستان کے علاقے سپین وام کے درمیانی علاقے میں موجود تھی کہ اس دوران تحصیل ٹل جہازو بانڈہ کے مقام پر سی ٹی ڈی نفری پر دہشت گردوں نے اچانک نے فائرنگ شروع کر دی ۔ سی ٹی ڈی حکام کے مطابق مارے دہشت گردوں کی شناخت صادق اللہ عرف القاعدہ، احمد رحیم عرف سعود، صمیم سعید عرف استاد اور مصطفی خان عرف ملا کے نام سے ہوئی ہے جن کا تعلق کالعدم تنظیم ٹی ٹی پی کے امیر حاتم گروپ سے بتایا جاتا ہے جو دہشت گردی، بھتہ خوری اور ٹارگٹ کلنگ کے متعدد مقدمات میں سی ٹی ڈی کو مطلوب تھے۔ مارے جانے والے دہشت گردوں میں سے 2 پولیو ڈیوٹی کے دوران درجنوں پولیس اہلکاروں پر فائرنگ اور ٹارگٹ کلنگ میں بھی ملوث تھے۔