سکھر ڈویژن میں کورونا ویکسین مہم مزید تیز کرنے کا فیصلہ

97

سکھر (نمائندہ جسارت )سکھر ڈویژن میں کورونا ویکسین مہم مزید تیز کرنے کا فیصلہ، ویکسین مہم کے لیے تینوں اضلاع کے ڈپٹی کمشنرز نگرانی کریں گے اور رپورٹ فراہم کریں گے۔ بنا ویکسین کارڈ کے اسپتالوں میں مریضوں کو داخلا نہ دینے کے لیے ضلعی انتظامیہ اور محکمہ صحت مشترکہ حکمت عملی ترتیب دیں۔ان خیالات کا اظہار کمشنر سکھر ڈویژن شفیق احمد مہیسر نے کمشنر آفس سکھر میں کورونا ویکسین مہم کے سلسلے میں اہم اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ کمشنر سکھر ڈویژن نے خیرپور، گھوٹکی اور سکھر کے ڈپٹی کمشنرز کو ہدایت کی کہ کورونا سے بچائو ویکسین کے لیے اسکولوں ، بازاروں ، ویگن اسٹاپس، ہوٹلوں اور احساس کفالت سینٹرز پر ٹیمیں مقرر کی جائیں۔ اجلاس میں ایڈیشنل کمشنر ون سکھر، خیرپور، گھوٹکی اور سکھر کے ڈپٹی کمشنرز، ڈی ایچ اوز، ڈائریکٹر گمس اسپتال ، پی پی ایچ آئی ، تعلیم پولیس ، ہیلتھ کیئر کمیشن سندھ سمیت دیگر متعلقہ محکموں کے افسران نے شرکت کی۔ کمشنر سکھر نے کہا کہ کورونا ویکسین کے سلسلے میں سوشل میڈیا کے توسط سے آگاہی مہم تیز کی جائے۔ انہوں نے ڈی ایچ اوز، پولیس، سوشل ویلفیئر اور این جی اوز کے افسران کو ہدایت کی کہ مقررہ ہدف حاصل کیا جائے جس میں کوتاہی قابل قبول نہیں ہوگی۔ کمشنر سکھر ڈویژن نے سندھ ہیلتھ کیئر کمیشن کے افسران کو ہدایت کی کہ وہ اس سلسلے میں مثبت انداز میں حکمت عملی کے تحت کارکردگی کا مظاہرہ کریں۔ کمشنر سکھر ڈویژن نے محکمہ صحت اور ضلعی انتظامیہ کے افسران پر زور دیا کہ وہ نجی اسپتالوں میں کورونا ویکسین مہم کے بارے میں نگرانی روزانہ کی بنیاد پر کرتے ہوئے رپورٹ دیں گے۔ انہوں نے کہا کہ چیمبر آف کامرس، مارکیٹوں، فوڈ سینٹرز پر خصوصی توجہ کی جائے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ضلعی انتظامیہ پی پی ایچ آئی کے مشترکہ تعاون سے گمبٹ، خیرپور، رانی پور، فیض گنج اور دیگر ملحقہ علاقوں میں مہم کے سلسلے میں انتظامات کرکے مہم کو سیر حاصل بنائیں۔ انہوں نے ڈی پی سی آر کو ہدایت دی کہ آرٹی اے اور پولیس کی مدد سے شہروں کے داخلی اور خارجی راستوں کی نشاندہی اور ٹیمیں مقرر کرنے کے لیے حتمی فیصلہ کرکے عمل درآمد کو یقینی بنائیں۔