مفاہمت کا بادشاہ ہوتا تو بار بار جیل نہ جاتا ،شہباز شریف

226

ڈیرہ غازی خان ( آن لائن )مسلم لیگ (ن) کے صدراور قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈرمیاں محمد شہبازشریف نے کہا ہے کہمفاہمت کا بادشاہ ہوتا تو بار بار جیل نہ جاتا،مفاہمت کا بادشاہ بار بار جیل نہیں جاتا بلکہ وہ تو جیل جاتا ہی نہیں۔گزشتہ روزڈیرہ غازی خان میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے شہباز شریف نے کہا کہ ماضی میں تحریک انصاف نے تحریک لبیک پاکستان کی بھرپور حمایت کی لیکن ہم نے اس سے سیاسی فائدہ نہیں اٹھایا، حکومت نے اپوزیشن کو دیوار سے لگانے میں کوئی کسر نہیں چھوڑی ، آئندہ حکومت کوا سپیس نہیں دیںگے۔انہوںنے کہا کہ حکومت کا رویہ یہ ہے کہ ایک سیکنڈ میں غدار کا، بھارتی ایجنٹ کا سرٹیفکیٹ دے دیتی ہے، کتنے افسوس کی بات ہے کہ اسی ٹی ایل پی کے دھرنوں میں عمران خان چیخ چیخ کر ان کی
حمایت کا اعلان کرتے تھے اور شاہ محمود قریشی نے باقاعدہ دھرنوں میں شرکت کی بلکہ اس زمانے میں پی ٹی آئی نے ان کے دھرنوں کی مکمل حمایت کی تھی اور جو حکومتی، عوامی کاموں میں خلل پڑا وہ پوری قوم کے سامنے ہے تاہم ہم نے نہ اس مرتبہ اور نہ ماضی قریب میں جب بھی ٹی ایل پی نے اپنے مطالبات کے لیے لانگ مارچ کیا یا دھرنے دیے ہم نے اس پر سیاست نہیں کی۔ان کا کہنا تھا کہ میں نے پرسوں بھی یہی بیان دیا تھا کہ جو کچھ سڑکوں پر ہورہا ہے اسے بیٹھ کر میز پر حل کرنا چاہیے، ہم اس سے سیاسی فائدہ نہیں اٹھائیں گے بلکہ پورا پاکستان اس سے سبق سیکھے اور آئندہ کے لیے بہتر اقدامات اور فیصلے کرے۔پیپلز پارٹی کی پی ڈی ایم میں شمولیت سے متعلق ان کا کہنا تھا کہ سیاست میں کچھ بھی ہوسکتا ہے، کوئی چیز بھی انہونی نہیں ہوتی۔ لانگ مارچ کے بارے میں انہوں نے کہا کہ جب پی ڈی ایم سمجھے گی کہ اب مہنگائی اور حکومت کے ظلم و ستم کے خلاف لانگ مارچ کا وقت آگیا ہے تو اس پر مشاورت ہوگی ۔