کراچی(سید وزیر علی قادری)15 ویں چیف آف دی نیول ا سٹاف ا سکواش چیمپئن شپ آج سے پاکستان نیوی روشن خان جہانگیر خان اسکواش کمپلیکس میں کھیلی جائے گی جو 6 نومبر تک جاری رہے گی۔چیمپئن شپ میں کل 23 میچ منعقد ہوں گے۔چیف آف دی نیول ا سٹاف اسکواش چیمپئن شپ انٹرنیشنل رینکنگ پوائنٹس کی حامل ہے جس میں انٹر نیشنل رینکنگ والے 9 مقامی اور 15 انٹرنیشنل غیر ملکی کھلاڑی حصہ لیں گے۔غیر ملکی کھلاڑیوں کا تعلق 4 مختلف ممالک سے ہے جن میں مصر، ہانگ کانگ، امریکااور کویت شامل ہیں۔پہلی چیف آف دی نیول ا سٹاف اسکواش چیمپئن شپ 2000 میں کھیلی گئی تھی جس کی انعامی رقم6ہزار امریکی ڈالر تھی۔ اس چیمپئن شپ کی انعامی رقم 20ہزار امریکی ڈالر مقرر کی گئی ہے۔پاک بحریہ کی اسکواش کے کھیل سے وابستگی گہری اور پرانی ہے جو قیام پاکستان کے وقت سے ہی شروع ہو گئی تھی۔ابتدا میں اسکواش کا کھیل منوڑہ کے ایک سنگل کورٹ سے شروع کیا گیا ۔انہی کاوشوں کے نتیجے میں آج روشن خان جہانگیر خان ا سکواش کمپلیکس کراچی پاکستان کا سب سے بڑا اور ورلڈ کلاس ا سکواش کمپلیکس ہے۔ سنگل کورٹ سے ورلڈ کلاس کمپلیکس تک کا یہ سفر کھیلوں کے فروغ کے لئے پاک بحریہ کے عزم کے باعث ممکن ہوا۔ پاکستان نیوی روشن خان جہانگیر خان اسکواش کمپلیکس کا نام اسکواش کے 2 عظیم کھلاڑیوں روشن خان اور جہانگیر خان کے نام پر رکھا گیا۔ اس ا سکواش کمپلیکس کا افتتاح 1991 میں ایڈمرل وائی ایچ ملک نے کیا۔ اس کمپلیکس میں بین الاقوامی معیار کے 5 کورٹس موجود ہیں۔