منی لانڈرنگ ,، شہباز شریف اور حمزہ کیخلاف عبوری چالان جمع کرانے کا حکم

408

لاہور (نمائندہ جسارت) لاہور بینکنگ کورٹ نے منی لانڈرنگ کیس میں اپوزیشن لیڈر شہباز شریف اور حمزہ شہباز کی عبوری ضمانت میں 20 نومبر تک توسیع کر دی۔ عدالت نے ایف آئی اے کو آئندہ سماعت پر عبوری چالان جمع کرانے کا حکم دے دیا۔ فاضل
عدالت کے جج طاہر صابر نے عبوری ضمانت سے متعلق کیس کی سماعت کی۔ ملزمان عدالت کے روبرو پیش ہوئے۔ دوران سماعت عدالت نے استفسار کیا کہ تحقیقات کہاں تک پہنچی ہیں‘ایک سال بعد بھی ایف آئی اے نے چالان کیوں پیش نہیں کیا۔ جس پر پراسیکیوٹر نے بتایا کہ تفتیشی ٹیم دن رات کام کر رہی ہے‘ اگلے مہینے تک رپورٹ جمع کرا دیںگے۔ عدالت نے ہدایت کہ آئندہ سماعت پر بہرصورت عبوری چالان جمع کرائیں۔دوران سماعت ایف آئی اے کے پراسیکیوٹر نے موقف اختیار کیا کہ وہ عدالتی دائرہ اختیار سے متعلق اعتراض پر بحث کے لیے تیار ہیں، جس پر شہباز شریف نے کہا کہ ان کے سینئر وکیل طبیعت ناسازی ہونے کے باعث پیش نہیں ہوسکتے لہذا اگلی تاریخ مقرر کی جائے۔ شہباز شریف کے ایسوسی ایٹ وکیل نے عدالت کو بتایا کہ ہمارے وکیل امجد پرویز کو ڈینگی ہوگیا ہے۔ عدالت نے حکم دیا کہ ایف آئی اے عدالتی دائرہ اختیار پر رپورٹ پیش کرے‘ تفتیش تو مکمل کریں‘ دائرہ اختیار کا معاملہ بعد میں دیکھ لیں گے۔ عدالت نے کیس کی مزید سماعت20نومبر تک ملتوی کر دی ۔