حکمرانوں سے جواب دہی کا وقت آگیا ، حکومت کو گھر بھیجنے کے سوا چارہ نہیں رہا ، سراج الحق

278

لاہور (نمائندہ جسارت)امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا ہے کہ قوم کا حکمرانوں سے جواب دہی کاوقت آگیا ہے۔ نظام میں تبدیلی اورا سٹیٹس کو سے نجات کے لیے قوم جماعت اسلامی کی پرامن جمہوری جدوجہد کا ساتھ دے۔ آزمائے ہوئے جاگیرداروں اور کرپٹ سرمایہ داروں کو گھر بھیجے بغیر چارہ نہیں۔ فیصلہ عوام کے ہاتھ میں ہے۔ ملک آئے روز مسائل کی دلدل میں دھنس رہا ہے مگر حکمران ادراک اور فہم سے عاری ہیں۔ آئی ایم ایف نے جو چابک حکومت کو تھمایا ہے وہ غریب عوام کی پیٹھ پردن رات برس رہا ہے۔ چترال سے کراچی تک عوام بے بسی اور بیچارگی کی تصویربن چکے ہیں۔ حکومت کے رویے سے ثابت ہوگیا ہے کہ وہ ظلم اور ناانصافی بند نہیں کرے گی۔ نام نہادبڑی اپوزیشن جماعتوں نے عوامی مسائل پر چپ سادھ رکھی ہے۔ پی پی ، ن لیگ نے اپنے ادوار میں بھی عالمی استعمار کی تابعداری کی، پی ٹی آئی ماضی کی پالیسیوں میں تیزی لائی۔ اسوۂ رسولؐ کی پیروی میں انسانیت کی فلاح ہے۔ حضورؐ پوری انسانیت کے لیے رحمت بن کر آئے۔ آپؐ رحمت العالمین ہیں۔ ملک میں وہ نظام نافذ نہیں ہو سکا جس کے لیے کروڑوں مسلمانوں نے قربانیاں دیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے منصورہ میں عوامی وفود سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔امیر جماعت نے کامیابیوں کی ہیٹرک پر پاکستان کرکٹ ٹیم اور پوری قوم کو مبارکباد دی۔ انہوں نے افغانستان کرکٹ ٹیم کے شاندار کھیل کی بھی تعریف کی۔ انہوں نے اس امید کا اظہار کیا کہ قومی ٹیم کامیابیوں کے سفر کو جاری رکھے گی اور ان شاء اللہ ٹی ٹونٹی ورلڈکپ جیتے گی۔سراج الحق نے کہا کہ پاکستانی نوجوانوں کے جذبہ اور قابلیت میں کوئی کمی نہیں۔ مگر بدقسمتی سے ہمارے حکمرانوں نے کبھی بھی اس جذبے کی قدر نہیں کی۔ ملک کو اللہ تعالیٰ نے بے پناہ قدرتی وسائل اور افرادی قوت سے نوازا ہے۔ ہمارا ملک ایٹمی طاقت ہے۔ ضرورت اس امر کی تھی کہ حکمران صاف نیت سے ملکی وسائل کو عوامی فلاح و بہبود پر خرچ کرتے اور اپنی عیاشیاں ختم کرکے ملک کو ترقی کی شاہراہ پر ڈالتے۔ مگر حکمرانوں نے اسلام کے بجائے مغربی نظام کو اپنایا ، سود پر قرضے لیے اور کرپشن اور ٹیکس چوری سے مال بنایا اور بعد میں اس لوٹی ہوئی دولت کو بیرون ملک جائداد بنانے میں صرف کیا۔ پنڈورا پیپرز اور پاناما لیکس میں پاکستان کی حکمران اشرافیہ کی لوٹ مار کی طویل داستانیں ہیں۔مگر اب تک ملکی دولت لوٹنے والے آزاد گھوم رہے ہیں، البتہ غریب کی گردن دبوچ لی جاتی ہے۔ پی ٹی آئی تبدیلی اور ریاست مدینہ کے نعرے لگاکر اقتدار میں آئی مگر وزیراعظم مافیاز کے ہاتھوں یرغمال اور عالمی مالیاتی اداروں کی تابعداری میں سب سے آگے نکل گئے۔ حقیقت یہ ہے کہ پی ٹی آئی نے عوام کے ساتھ سب سے بڑا دھوکا کیا۔ سوا 3 برسوں میں بیڈ گورننس ، مہنگائی، بے روزگاری اور کرپشن کی تاریخ رقم ہوئی۔امیرجماعت نے قوم سے دردمندانہ اپیل کی کہ وہ حکمران طبقے کو اچھی طرح پہچان لے کیونکہ فیصلہ بہرحال پاکستانی عوام کو ہی کرنا ہے۔ قوم کو یہ سوچنا ہوگا کہ اب ملک کو کن لوگوں کے حوالے کرنا ہے۔ پاکستان مزید تنزلی کامتحمل نہیں ہوسکتا۔ انہوں نے زور دیا کہ ملک میں الیکشن کے نظام کو صاف اور شفاف بنانا ہوگا۔ انتخابات میں دھونس ، دھاندلی اور خفیہ طاقتوں کے اثر کو زائل کیے بغیر ملک آگے نہیں بڑھ سکتا۔ جماعت اسلامی نے انتخابی اصلاحات کا مکمل پیکج سیاسی جماعتوں اور الیکشن کمیشن کے ساتھ شیئر کیا ہے۔ انہوں نے اس امید کا اظہار کیا کہ جماعت اسلامی کے انتخابی اصلاحات کے مسودے پر سنجیدگی سے غور ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں اسلام کے زریں اصولوں کے مطابق پائیدار جمہوریت کی ضرورت ہے۔انہوں نے اس عہد کا اعادہ کیا کہ جماعت اسلامی اللہ کی مددونصرت اور عوام کے ساتھ سے اقتدار میں آکر پارلیمنٹ، عدلیہ ، نظام تعلیم کو اسلام کے تابع کرے گی اور ملک کو عظیم اسلامی فلاحی ریاست بنایا جائے گا۔