ایران نے ویانا مذاکرات میں واپسی کا اعلان کردیا

97

تہران (انٹرنیشنل ڈیسک) ایرانی سرکاری ذرائع ابلاغ نے دعویٰ کیا ہے کہ حکومت جوہری معاہدے سے متعلق یورپی ممالک برطانیہ ، فرانس اور جرمنی کے ساتھ براہ راست بات چیت کے لیے تیار ہے۔ ایرانی میڈیا کے مطابق یہ پیش رفت امریکی میڈیا کے دعوؤں کے ردعمل میں سامنے آئی ہے ، جن میں کہا گیا تھا کہ ایران نے بات چیت سے انکار کر دیا ہے۔ اس سلسلے میں برسلز میں ایران کے معاون وزیر خارجہ اور نئے سینئر جوہری مذاکرات کار علی باقری یورپی مذاکرات کار انریکی مورا سے ملاقات کریں گے۔ امید ہے کہ ملاقات کے نتیجے میں ویانا جوہری مذاکرات کے دوبارہ آغاز کے لیے کوئی تاریخ مقرر کر لی جائے گی۔ ایران کا ایک وفد منگل کی شب علی باقری کی قیادت میں برسلز پہنچاتھا۔ اس کا مقصد ایران اور یورپی ممالک کے بیچ ایرانی جوہری معاملات کے حوالے سے مذاکرات کے آغاز کی راہ ہموار کرنا ہے۔یاد رہے کہ مورا نے 14 اکتوبر کو تہران کا دورہ کیا تھا۔ یورپی یونین میں خارجہ امور کے اعلی رابطہ کار کے ترجمان پیٹر اسٹینو کے مطابق ایرانی مذاکرات کار کی جوزف بوریل سے ملاقات مقرر نہیں ہے۔ ایران اور 6ممالک نے رواں سال اپریل میں جوہری معاہدے کو بحال کرنے کے لیے بات چیت کا آغاز کیا تھا۔