سکھر،بھکاریوں کی بھتا خوری کیخلاف احتجاج

143

سکھر (نمائندہ جسارت) پولیس بھکاریوں سے بھی بھتا مانگنے لگی ،خیرپور کے بھکاری پولیس کے خلاف عدالت پہنچ گئے،بھتا مانگنے پر درخواست میں آئی جی ،ڈی آئی جی اور ایس ایس پی کو فریق بنا دیا ،یوں تو آئے روز پولیس کے نت نئے کارنامے سامنے آتے رہتے ہیں مگر خیرپور پولیس تو بھیک مانگنے والوں سے بھی بھتا مانگنے لگی ہے خیرپور ضلع کے علاقے ہنگورجہ سے تعلق رکھنے والے ایک معذور گداگر فقیرمحمد تگیل نے سندھ ہائی کورٹ سکھر پہنچ کر پولیس کے اس عمل پر عدالت میں آئی جی سندھ ،ڈی آئی جی سکھر اور ایس ایس پی خیرپور کے خلاف درخواست دائر کردی ہے ۔فقیر محمد تگیل نامی اس گداگر کا کہنا ہے کہ وہ معذور ہے جس کی وجہ سے وہ مزدوری نہیں کرسکتااس لیے وہ رانی پور ٹول پلازہ کے مقام پر بھیک مانگتا ہے مگر اب اسے ہنگورجہ پولیس روزانہ بھتے کے لیے تنگ کرتی ہے اتنی بھیک نہیں ملتی جتنی پولیس مانگ رہی ہے اور نہ دینے پر اس کے گھر پر چھاپے ماررہی ہے۔گزشتہ روز چھاپے کے دوران پولیس اس کے گھر سے اس کا بکرا بھی لے گئی ہے۔ گداگر نے آئی جی سندھ و دیگر حکام سے ہنگورجہ پولیس کے اس عمل کا نوٹس لینے اور ملوث اہلکاروں کے خلاف کارروائی کا مطالبہ کیا ہے۔ دوسری جانب عدالت نے اس کی درخواست کو قابل سماعت قرار دے دیاہے۔