عالمی برادری افغانستان میں دیرپا امن اور معاشی استحکام کیلئے موثر اقدامات اٹھائے، شاہ محمود

420

اسلام آباد: وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے سعودی عرب کے ساتھ دوطرفہ تعلقات کو آگے بڑھانے کے لیے پاکستان کے عزم کا اظہار کیا ہے، شاہ محمودقریشی نے اپنے سعودی ہم منصب شہزادہ فیصل بن فرحان آل سعوکو افغانستان میں ابھرتے ہوئے انسانی بحران کے خطرے سے آگاہ کرتے ہوئے افغانستان میں دیرپا امن اور معاشی استحکام کیلئے عالمی برادری کی جانب سے ٹھوس اور موثر اقدامات اٹھانے کی ضرورت پر زور دیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے ریاض میں سعودی وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان آل سعود سے ملاقات کی، سیکرٹری خارجہ سہیل محمود اور سفارتخانے کے سینئر افسران بھی اس موقع پر موجود تھے۔

وزیر خارجہ نے خادمین الحرمین الشریفین سلمان بن عبدالعزیز اور سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کیا، انہوں نے ماحولیات کے حوالے سے بین الاقوامی کانفرنس کے انعقاد پر سعودی ہم منصب کو مبارکباد پیش کی۔

ان کا کہنا تھا کہ ماحولیات کے حوالے سے منعقدہ یہ کانفرنس خطے میں اپنی نوعیت کی پہلی کانفرنس ہے، توقع ہے کہ اس کانفرنس کے انعقاد سے خطے کے ممالک کو ماحولیاتی تبدیلیوں کے مضمرات سے نمٹنے کے لیے علاقائی نقطہ نظر اپنانے میں مدد ملے گی۔

خیال رہے دونوں وزرائے خارجہ نے دوطرفہ تعلقات کے ساتھ ساتھ باہمی دلچسپی کے علاقائی و عالمی امور پر بھی بات چیت کی، دونوں وزرائے خارجہ نے دونوں ممالک کے درمیان خوشگوار تعلقات کو مزید مستحکم بنانے کے عزم کا اعادہ کیا۔

واضح رہے رواں سال نیویارک اور اسلام آباد میں دونوں وزرائے خارجہ کے مابین ہونیوالی ملاقاتوں کا حوالہ دیتے ہوئے دونوں وزرائے خارجہ نے بین الاقوامی سطح پر بالخصوص اقوام متحدہ اور او آئی سی فورمز پر دوطرفہ تعاون بڑھانے پر بھی اتفاق کیا ہے۔