ٹی ایل پی کے مدرسوں کے منجمد اکائونٹس بحال کرہے ہیں،شیخ رشید

149

اسلام آباد/راولپنڈی (آن لائن/صباح نیوز) وزیر داخلہ شیخ رشید نے کہا ہے کہ ٹی ایل پی کے مدارس کے منجمد اکاؤنٹس بحال کر رہے ہیں‘ سعد رضوی سے2 مرتبہ ملاقات ہوئی اور میں نے انہیں آگاہ کیا کہ فرانس یورپی ممالک کی نمائندگی کر رہا ہے‘ پاکستان کے خلاف بھارت کی سازشیں جاری ہیں‘ امریکا میں پاکستان کے خلاف پابندی عاید کرنے کا بل پیش کیا گیا اور معاشی بحران موجود ہے۔ پیر کو پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے شیخ رشید نے کہا کہ کالعدم جماعت کے ساتھ مذاکرات اچھے ہوئے ہیں‘ سعد رضوی کے اصرار پر مذاکراتی کمیٹی کی سربراہی کر رہا ہوں‘ کالعدم جماعت کے مذاکرات میں فورتھ شیڈول ،کیسز اور کالعدم کا معاملہ چل رہا ہے‘ ابھی بھی مذاکراتی کمیٹی سے بات چیت ہوئی اور مذاکرات آج بھی جاری رہے‘ ٹی ایل پی سے لڑائی جھگڑا نہیں چاہتے‘ سعد رضوی کی رہائی کا معاملہ بھی بدھ کو کابینہ میں لیکر جائیں گے‘ ٹی ایل پی کالعدم تنظیم ہے لیکن میری خواہش ہے یہ معاملہ بھی مکمل طورپر ختم ہوجائے ۔ وفاقی وزیر داخلہ کا کہنا ہے کہ میرا کل ورلڈ کپ تھا جو پاکستان نے جیت لیا ہے‘ پاکستان نے بھارت کو ناکوںچنے چبوائے‘ میرا بس چلتا تو قوم کے لیے آج چھٹی کا اعلان کردیتا‘ 74 سال میں پاکستان کو اس سے بڑی فتح نصیب نہیں ہوئی ۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ طور خم بارڈر پر اسٹیکر ویزا اور ویزا فیس ختم کردی ہے‘ 7 بڑے شہروں میں ایک دن میں پاسپورٹ 10 ہزار روپے میں جاری ہوگا‘عمران خان مہنگائی کے جن کو بوتل میں بند کردیں گے‘ اگلا سال الیکشن کا سال ہے ۔