اسلام آباد ( آن لائن)ن لیگی قائد نواز شریف نے پیپلز پارٹی کے رہنما خورشید شاہ سے ٹیلی فونک رابطہ کیا ہے۔ نواز شریف نے خورشید شاہ کو ضمانت پر رہائی پر مبارکباد دی۔دونوں رہنمائوں کے درمیان ملکی سیاسی صورتحال اور باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال ہوا، رہنمائوں نے موجودہ معاشی صورتحال پر تشویش کا اظہار بھی کیا۔ مسلم لیگ ن کے قائد اور خورشید شاہ کا پارلیمنٹ کے اندر مشترکہ لائحہ عمل تیار کرنے پراتفاق ہوا۔اس موقع پر خورشید شاہ نے کہاکہ ملک کے موجودہ حالات کا تقاضا ہے کہ اپوزیشن جماعتیں متحد ہوں، ماضی کو بھلا کر سلیکٹڈ حکومت سے عوام کی جان چھڑائی جائے۔ اپوزیشن جماعتوں کے درمیان اتفاق رائے کے لیے خورشید شاہ نے کردار ادا کرنے کی پیشکش بھی کی۔ نواز شریف نے کہا کہ 2 سال تک آپ کو پابند سلاسل رکھ کر سیاسی انتقام کا نشانہ بنایا گیا حکومت عوام کو ریلیف دینے کے بجائے اپوزیشن رہنمائوں پر جھوٹے مقدمات بنانے پر لگی ہے۔