مہنگائی بیروزگاری لاقانونیت اور حکمرانوں کے جھوٹے وعدوں کے مارے عوام کو اتوار کے روز دبئی میں ہونے والے ٹی 20 میچ میں بھارت کو تاریخی شکست کی خبرنے یک گونہ خوشی دی، پوری قوم اس خوشی سے سرشار ہوگئی۔ کرکٹ ایک کھیل ہے اس میں ہار جیت ہوجانا کوئی غیر معمولی بات نہیں لیکن اللہ رب ذوالجلال جو کرتا ہے یہ اس کی حکمتیں ہیں۔ پاکستان بھارت کے خلاف ورلڈ کپ کے لاحقے والے کسی مقابلے میں کبھی نہیں جیتا تھا اور یہ ایک بھوت کی طرح قوم کی ہر کرکٹ ٹیم پر سوار رہتا تھا۔ لیکن موجودہ ٹیم نے اسے بھی اُتار پھینکا۔ اس کے ساتھ ساتھ ٹیم میں جن لوگوں نے کارکردگی دکھائی ان میں کپتان بابر اعظم کا نام بھی بھارت کے انتہا پسندوں کے دماغ پر سوار ہے۔ بابر نام سے ان کو خوف آتا تھا اسی لیے مسجد شہید کردی۔ لیکن پھر ایک بابر کے ہاتھوں شکست ہوگئی۔ بہرحال قوم کو بھارت کے خلاف تاریخی کامیابی مبارک۔ یہ ہر اعتبار سے بڑی فتح ہے۔ پاکستانی ٹیم اور اس کے ذمے داران کو چاہیے کہ اپنی توجہ بقیہ میچوں اور ٹورنامنٹ کا فاتح بننے پر مرکوز رکھیں۔ اپنی غلطیوں پر نظر رکھیں تا کہ ورلڈ کپ سے قبل ایک اچھی ٹیم تیار ہوسکے۔