پاکستان میں سب کو مذہبی آزادی حاصل ہے،چیف جسٹس

280

حیدرآباد(اسٹاف رپورٹر)چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس گلزار احمد نے کہا ہے کہ آئین پاکستان کی پاسداری کرتے رہیں گے ،پاکستان میں سب کو مذہبی آزادی ہے اور یہ مذہبی آزادی قائد اعظم محمد علی جناح نے دی۔ آئین اور قانون کے تحت ہندو سمیت تمام
اقلیتوں کو حقوق دیں گے ،چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس گلزار احمد حیدرآباد جی او آر کالونی میں شیو مندر میں نوراتری کے میلے کے موقع پر ہندو برادری کے اجتماع سے خطاب کر رہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ بہت سارے مندروں کے معاملات میرے سامنے آئے ہیں جتنی بھی ہندو برادری کی املاک پر قبضے ہیں انہیں واپس کیا جائے، انہوں نے کہا کہ پاکستان کے آئین نے کہا ہے کہ ہر مذہب کے لوگوں کی بات سننی ہے ،آئین اور قانون کے تحت ہندوئوں سمیت تمام اقلیتوں کو حقوق دیں گے ، انہوں نے کہا کہ ہندو برادری کے بہت سارے مقدمات عدالت میں آتے ہیں ہم پوری کوشش کرتے ہیں کہ ہندوئوں کے مقدمات حل کریں ، انہوں نے کہا کہ جتنی بھی مذہبی جماعتوں کی عبادت گاہ ہیں ان کی ہمیشہ سپریم کورٹ حفاظت کرے گی ۔ہٹڑی مندر بھونگ شریف مندر اور دیگر مذہبی مقامات کی سپریم کورٹ نے ہمیشہ حفاظت کی ہے، انہوں نے نوراتری کے موقع پر ہندو برادری کو مبارک باد بھی پیش کی۔