مہنگائی کیخلاف اپوزیشن احتجاج پیالی میں طوفان ہے ، اسد عمر

207

واشنگٹن(صباح نیوز)وفاقی وزیر اسد عمر نے مہنگائی کے خلاف اپوزیشن کے احتجاج کو پیالی میں طوفان قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ حکومت کے خاتمے کی باتیں چھٹی بار کی جارہی ہیں، للہ نے جو لکھا ہے وہی ہوگا، مہنگائی کی لہرصرف پاکستان میں نہیں دنیا بھر میں آئی ہے۔امریکا میں پاکستانی سفارتخانے میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ امریکا نے پاکستان کو کورونا
ویکسین فراہم کی، سی پیک کے دائرہ کار میں وسعت آتی جارہی ہے، کچھ ممالک نہیں چاہتے کہ سی پیک وسعت پکڑے۔اسد عمر کا کہنا ہے کہ پچھلے سال ترقیاتی بجٹ600ارب روپے تھا جبکہ اخراجات زیادہ ہوئے،پچھلے سال ترقیاتی اخراجات100فیصد ہوئے۔انہوں نے کہا کہ بہت سے پاکستانی نژاد امریکی پاکستان میں سرمایہ کاری کرنا چاہتے ہیں اور ہم سرمایہ کاری میں تیزی کے لیے کام کررہے ہیں۔اسد عمر کا کہنا تھا کہ پچھلے 2،3ماہ میں200ارب کے پروجیکٹس کی منظوری دی ہے ۔ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ وسط ایشیا کے ساتھ تجارتی تعلقات اہمیت رکھتے ہیں، وسط ایشیا کا راستہ افغانستان سے گزرتا ہے، دنیا کو90ء کی دہائی کی غلطی نہیں دہرانی چاہیے۔وفاقی وزیر نے کہا کہ امریکا اپنے عوام کو بھی بتاسکے گا کہ20سال کی سرمایہ کاری ضائع نہیں ہوئی،افغانستان میں کوئی ایک فریق بزور شمشیر نظام چلانے کی کوشش نہ کرے ،طالبان کا رویہ مثبت ہے،وہ تعمیری انداز میں دنیا کے ساتھ تعلقات چاہتے ہیں،ہم افغانستان میں تمام دھڑوں پر مشتمل حکومت کے خواہشمند ہیں۔