سراج الحق نے جماعت اسلامی کے صوبائی امرا کا تقرر کر دیا

154

لاہور(نمائندہ جسارت) سیکرٹری اطلاعات جماعت اسلامی قیصر شریف کے مطابق امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے دستور جماعت کے تحت ارکان صوبہ جات کی آرا کو ملحوظ خاطر رکھتے ہوئے محمد جاوید قصوری کو جماعت اسلامی پنجاب وسطی، ڈاکٹر طارق سلیم پنجاب شمالی،
رائو محمد ظفر پنجاب جنوبی جبکہ سینیٹر مشتاق احمد خان کو امیر جماعت اسلامی خیبر پختوانخوا، محمد حسین محنتی کو امیر جماعت اسلامی سندھ اور مولانا عبدالحق ہاشمی کو امیر جماعت اسلامی بلوچستان مقرر کیا ہے۔ انھوں نے واضح کیا کہ نائب امیر جماعت اسلامی پاکستان و صدر انتخابی کمیشن اسد اللہ بھٹو کی سربراہی میں سارا انتخابی عمل احسن انداز میں مکمل کیا گیا۔ جماعت اسلامی پاکستان شعبہ انتخابات نے امرائے صوبہ کے استصواب کے لیے 5ستمبر 2021ء کو بیلٹ پیپرز کا اجرا کیاجبکہ ووٹ کاسٹ کرنے کی آخری تاریخ 25ستمبر تھی اور 5اکتوبر کو یہ بیلٹ پیپرز شعبہ انتخابات میں پہنچے۔ جماعت اسلامی کے مرکز منصورہ میں ان بیلٹ پیپرز کی گنتی کا عمل 6تا 10اکتوبر تک جاری رہا۔ امیر جماعت اسلامی سراج الحق کی منظوری کے بعد گزشتہ روز جماعت اسلامی کے سیکرٹری جنرل امیر العظیم نے امرائے صوبہ کے تقرر کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا ہے۔ امرائے صوبہ اپنے اپنے صوبہ جات کے پروگرامات میں حلف اٹھائیں گے۔