اسلام آباد (اے پی پی)احتساب عدالت کے جج محمد اعظم خان کی عدالت نے آصف زرداری، ہمشیرہ فریال تالپور وغیرہ کے خلاف جعلی بینک اکائونٹس کے میگا منی لانڈرنگ ریفرنس میں وکیل صفائی کی آئندہ سماعت پر معاونت طلب کرلی۔سماعت کے دوران نیب پراسیکیوٹر عرفان بھولااور وکلا صفائی کے علاوہ نیب گواہ احسن اسلم اور مہروز اختر عدالت میںپیش ہوئے، عدالت نے ملزمان کی حاضری لگائی۔ اس موقع پرآصف زرداری، فریال تالپوراور عبدالغنی مجید کی طرف سے ایک روزہ استثنا کی درخواستیں دائر کی گئیں جنہیں عدالت نے منظور کرلیا۔ دوران سماعت وکیل صفائی ارشد تبریز نے عدالتی دائرہ اختیار پر اعتراض اٹھاتے ہوئے کہاکہ دوسرے ترمیمی نیب آرڈیننس کے تحت مذکورہ ریفرنس اس عدالت کے دائرہ اختیار میں نہیں آتا۔ عدالت نے وکیل صفائی کو ہدایت کی کہ آئندہ سماعت پر اپنے اعتراض سے متعلق عدالت کی معاونت کریں اور ریفرنس کی مزید سماعت 3نومبر تک کے لیے ملتوی کردی۔