ایک کروڑ کے مچلکے جمع کرانے کے باوجود خورشید شاہ رہا نہ ہوسکے

173

سکھر (صباح نیوز) پیپلزپارٹی کے مرکزی رہنما و سابق اپوزیشن لیڈر خورشید شاہ کی عدالت عظمیٰ سے ضمانت کے باوجود رہائی ایک روز تاخیر کا شکار ہوگئی۔ خورشید شاہ کے صاحبزادے سید زیرک شاہ نے جمعہ کی صبح سکھر کی احتساب عدالت پہنچ کر ضمانت کےلیے ایک کروڑ روپے کے مچلکے جمع کرادیے تاہم ان کی رہائی کا آرڈر جاری نہ ہوسکا۔ خورشید شاہ کے صاحبزادے سید زیرک شاہ نے احتساب عدالت کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ ہم نے ایک کروڑ کے مچلکے
احتساب عدالت میں جمع کرا دیے تاہم ان کی ضمانت کے آرڈر کی عدالت عظمیٰ سے تصدیق نہ ہونے کی وجہ سے احتساب عدالت نے ان کے والد کی رہائی کے آرڈر جاری نہیں کیے، امید ہے آج ان کی رہائی ممکن ہوسکے گی۔