کالعدم ٹی ایل پی کے مطالبے پر فرانسیسی سفیر کو نہیں نکال سکتے،شیخ رشید

102

اسلام آباد(آن لائن)وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشیدنے کہا ہے کہ وزیر اعظم عمران خان کی قیادت میں مہنگائی کے جن کو بوتل میں بند کرلیں گے، فرانسیسی سفیر کو نکالنے کا مطلب ہے کہ ہم یورپ سے نکل جائیں گے ،سیاسی مخالفین جمعہ جمعہ کھیل رہے ہیں ، کل کا احتجاج بتا رہا تھا
سکون ڈاٹ کام ہے، اگر کسی نے قانون ہاتھ میں لیا تو قانون ایکشن میں آئے گا۔اسلام آبادپولیس لائن میں پولیس کی پاسنگ آئوٹ پریڈ سے خطاب اور میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شیخ رشید نے کہا کہ عمران خان کی مسائل پر پوری نظر ہے، ہمیں فیٹف، افغانستان اور ملک کے معاشی مسائل بھی دیکھنے ہیں، فرانسیسی سفارتکار سے ہٹ کر ملک میں مدینہ کی ریاست کے قیام کے لیے وزیر اعظم عمران خان کام کررہے ہیں، کالعدم تحریک لبیک پاکستان (ٹی ایل پی) کی جانب سے فرانسیسی سفارتکار کو ملک بدر کرنے کا مطلب ہوگا کہ پاکستان یورپی ممالک سے باہر ہوجائے گا اور ہمارے یورپی ممالک کے ساتھ تعلقات کشیدہ ہو جائیں گے ۔انہوں نے کہا کہ ختم نبوت پر مکمل یقین ہے اور اگر کوئی شخص مجھ سے بڑا دعویدار ہے جس نے ختم نبوت کے معاملے پر مجھ سے زیادہ قید کاٹی ہے تو مجھے بتائے میں گھر جا کر اس کو مبارک باد دوں گا۔ انہوں نے کہا کہ اپوزیشن نے نومبر اور دسمبر میں احتجاج کا وتیرہ بنالیا، سیاسی مخالفین جمعہ جمعہ کھیل رہے ہیں، کل کا احتجاج بتا رہا تھا سکون ڈاٹ کام ہے، پی ڈی ایم ہو یا ٹی ایل پی، قانون کے دائرے میں احتجاج کریں تو کچھ نہیں کہا جائے گا، اگر کسی نے قانون ہاتھ میں لیا تو قانون ایکشن میں آئے گا، اپوزیشن پچھلے 3 سال سے احتجاج کررہی ہے، جس قدر اپوزیشن جماعتوں کو میڈیا کی توجہ حاصل ہے اس سے صاف ظاہر ہوتا ہے کہ ملک میں جمہوری اور سیاسی آزادی ہے۔نئے ڈی جی آئی ایس آئی کا نوٹی فکیشن کب ہوگا کہ سوال پر وفاقی وزیر داخلہ کاکہنا تھا کہ نوٹی فکیشن کب ہوگا یہ فواد چودھری بتا سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اسلام آباد پولیس میں 1000 بھرتیوں کی منظوری وزیراعظم سے لے لی ہے، پولیس کی تنخواہوں میں اضافے سے متعلق کام کر رہے ہیں۔