کراچی (اسٹاف رپورٹر)سندھ کے ضلع تھر اور ضلع ٹھٹھہ میں جھمپیر میں موجود کچ فولاد (Iron ore) کے ذخائر کو نکالنے، ریفائن کرنے اور پیلٹائزنگ کرنے میں دلچسپی رکھنے والی متحدہ عرب امارات کی کمپنی کے مجوزہ منصوبے کے بارے میں بات چیت کے لیے ایک اہم اجلاس آج محکمہ سرمایہ کاری سندھ کے دفتر میں سندھ کے وزیرِ معدنیات و معدنی ترقی میر شبیر علی بجارانی اور وزیرِ اعلیٰ سندھ کے معاون خصوصی برائے سرمایہ کاری اور پبلک پرائیویٹ پارٹنر شپ قاسم نوید قمر کی مشترکہ صدارت میں منعقد ہوا۔اجلاس میں سیکرٹری معدنیات و معدنی ترقی سندھ سید
ذوالفقار علی شاہ ،سندھ کے پبلک پرائیویٹ پارٹنر شپ سیل کے سربراہ خالد شیخ اور دیگر افسران نے شرکت کی۔اجلاس میں متحدہ عرب امارات کی کمپنی گولڈ آپشن (Gold Option) کے نمائندوں نے تھر اور ٹھٹھہ میں کچ فولاد نکالنے اور اس ضمن میں سندھ میں صنعت لگانے میں گہری دلچسپی کا اظہار کیا اور اپنے مجوزہ منصوبے کی تفصیلات سے آگاہ کیا۔ اس موقع پر میر شبیر علی بجارانی اور قاسم نوید قمر نے اماراتی کمپنی کو اپنے تعاون کا یقین دلاتے ہوئے کہا کہ سندھ حکومت صوبے میں سرمایہ کاری کے منصوبوں کو فروغ دینے اور نئے منصوبوں میں دلچسپی رکھنے والی کمپنیوں کی بھرپور حوصلہ افزائی کررہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اماراتی کمپنی کے مجوزہ منصوبے پر عملدرآمد سے تھر اور ٹھٹھہ میں روزگار اور معاشی و معاشرتی ترقی کے مواقع پیدا ہوں گے۔انہوں نے اماراتی کمپنی سے مکمل منصوبے کی تفصیلات پیش کرنے اور اس ضمن میں کام کو تیزی سے آگے بڑھانے پر کی ضرورت پر زور دیا۔اماراتی کمپنی کے نمائندوں نے کہا کہ وہ آئندہ ماہ منصوبے کی مکمل تفصیلات سندھ حکومت کو پیش کریں گے۔