عمران خان جلد مہنگائی پر قابو پالیں گے، پرویز خٹک

210

نوشہرہ (صباح نیوز) وفاقی وزیر دفاع پرویز خٹک نے کہا ہے کہ صرف پاکستان میں نہیں پوری دنیا میں مہنگائی ہے، آج کورونا وباء کے باعث پوری دنیا میں کاروباری نظام درہم برہم ہے، بڑے بڑے ممالک مہنگائی کے بوجھ تلے دبے ہوئے ہیں، پیٹرول، گندم،گھی اور چینی باہر سے درآمد کرتے ہیں، جب باہر ممالک میں ان چیزوں کی قیمتیں بڑھ جاتی ہیں تو پاکستان میں مہنگائی بڑھ جاتی ہے، عمران خان ملک و قوم کے مفاد میں فیصلے کرتے ہیں، جلد ہی مہنگائی پر قابو پالیں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے نوشہرہ کے علاقے خویشگی پایاں محلہ گکیان میں آصف گکیانی کے حجرے میں جلسہ عام سے خطاب اور میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ پرویز خٹک نے مزید کہا کہ پچھلی حکومتوں نے اپنی جیب بھرنے کیلیے قرضے لیے تھے جس کا سارا بوجھ آج عوام پر پڑ رہا ہے، وزیراعظم عمران خان ایک دلیر لیڈر ہیں، وہ کسی کی ڈکٹیشنز پر نہیں چلتے بلکہ ملک و قوم کے مفاد میں فیصلے کرتے ہیں، عمران خان کی سوچ ہے کہ اس ملک میں غربت بہت ہے وہ غریب عوام کو کسی نہ کسی طریقے سے سہولیات دینے کی کوشش کرتے ہیں۔