حکومت فوج کے ساتھ محاذ آرائی سے اجتناب کرے، رحمان ملک

140

اسلام آباد (آن لائن) سابق وزیر داخلہ سینیٹر رحمان ملک نے وزیر اعظم عمران خان پر زور دیا ہے کہ وہ اپنی انا کو ایک طرف رکھ دیں اور ڈی جی آئی ایس آئی کی تقرری کے مسئلے پر مسلح افواج کے ساتھ محاذ آرائی کو روکیں، یہ مسئلہ خاموشی اور خوش اسلوبی سے حل کیا جاسکتا تھا اور اس جاری تصادم سے بالخصوص اداروں اور بالعموم پورے ملک کو ناقابل تلافی نقصان پہنچ سکتا ہے۔ اپنے بیان میں سابق وزیر داخلہ نے کہا کہ ہماری حکومت اس مسئلے کو خوش اسلوبی سے حل کرنے کا قابل دکھائی دیتی ہے اور انہوں نے حکومت کو مشورہ دیا ہے کہ وہ اس مسئلے کو مزید تاخیر کے بغیر حل کرے کیونکہ اس سے مجموعی سیاسی ماحول کو بھی نقصان پہنچ سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ماضی میں بہت سی آئینی خلاف ورزیاں ہوئی ہیں جو انہوں نے چیئرمین پارلیمانی کمیٹی کے طور پر تحقیقات کرتے ہوئے 2018ء میں مبینہ انتخابی دھاندلی کے بارے میں دیکھی تھیں۔ میں وزیر دفاع سے مطالبہ کروں گا کہ میری رپورٹ عام لوگوں کی معلومات کے لیے عام کی جائے۔