عمران نیازی آئی ایم ایف کے لئے کام کررہے ہیں،شہباز شریف

461

لاہور(نمائندہ جسارت) پاکستان مسلم لیگ (ن)کے صدر اور قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف میاں محمد شہبازشریف نے کہاہے کہ بجٹ تقریرمیں میںنے جو کچھ کہا تھا وہ سچ اور حکومت جھوٹی ثابت ہوگئی۔ عمران خان پاکستان اور عوام کے لیے نہیں بلکہ آئی ایم ایف کے لیے کام کررہے ہیں۔ مسلم لیگ (ن) کے صدر اور پارلیمنٹ میں قائد حزب اختلاف شہبازشریف نے بجلی، پیٹرول کی قیمتوں اور ٹیکس میں اضافے کو منی بجٹ قرار دیتے ہوئے کہا کہ میں نے کہا تھا کہ حکومت منی بجٹ لائے گی اور آج یہ بات سچ ثابت ہوگئی، ثابت ہوگیا کہ حکومت نے بجٹ کے نام پر عوام کو دھوکا دیا، یہ حکومت چلے گی تو معیشت نہیں چلے گی۔ انہوں نے کہا کہ ٹیکس چھوٹ والی اشیا پر 17فیصد سیلز ٹیکس لگانے، پیٹرول، بجلی کی قیمت میں اضافہ عوام اور معیشت کے خلاف دہشت گردی ہے، مہنگائی، بے روزگاری اور معاشی تباہی پہلے ہی تاریخ کی بلند ترین سطح پر ہے، حکومت نے ایک نیا بم پھینک دیا ، عمران نیازی آئی ایم ایف کی قربان گاہ پر معیشت اور قوم کو قربان کررہے ہیں۔اپوزیشن لیڈر نے کہا کہ عمران نیازی قوم سے شکوہ کرتے ہیں کہ عوام کو مہنگائی بڑھنے کی وجوہات سمجھ نہیں آرہی، قوم کو اچھی طرح سمجھ آرہی ہے کہ ان کے ساتھ کیا ہورہا ہے اور کون یہ ظلم ہر روز ڈھارہا ہے، مسئلہ قوم کی سمجھ کا نہیں بلکہ حکمرانوں کی کرپشن، جھوٹ اور تاریخی نالائقی ونااہلی کا ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت 3 سال سے قوم کو چکر پے چکر دے رہی ہے، ٹیکس مہنگائی، قرض بڑھتے جا رہے ہیں، اتنی سنگین مہنگائی ملک کی معاشی نمو کا سنگین مسئلہ پیدا کر رہی ہے جو پاکستان کے لیے نیک فال نہیں، پیٹرولیم مصنوعات اور بجلی کی قیمتوں میں ہونے والا اضافہ مسترد کرتے ہیں، حکومت یہ ظالمانہ فیصلہ واپس لے۔