سانگھڑ ( نمائندہ جسارت )سانگھڑ کے واحد سیاحتی مقام چوٹیاری ڈیم کے علاقے پر بااثرافراد کا قبضہ ،ریسٹ ہاؤس کے چوکیدار پر تشدد جان سے مارنے کی دھمکیاں دی گئیں۔سانگھڑ چوٹیاری ڈیم سیاحتی ریسٹ ہاؤس کے علاقے پر با اثر افراد نے قبضہ کرتے ہوئے تجاوزات شروع کر دی۔اس سلسلے میں سیاحتی ریسٹ ہاؤس کے چوکیدار صالح ملاح نے مقامی با اثر افراد کو قبضہ کرنے سے منع کیا تو قبضہ مافیا نے چوکیدار پر مبینہ طور پر حملہ کردیا چوکیدار کو اینٹیں اور ڈنڈے مار کر سنگین نتائج کی دھمکیاں دی گئیں۔اس سلسلے میں انچارج ریسٹ ہاؤس ایوب گل کا کہنا تھا کہ با اثر ستار ملاح اور اس کے بیٹے نے مجھے جان سے مارنے کی دھمکیاں دی ہیں ۔ایوب گل کا مزید کہنا تھا کہ تجاوزات کی وجہ سے کروڑوں روپے کے لاگت سے بننے والے سیاحتی ریسٹ ہاؤس کی خوبصورتی اور آنے والے سیاحوں کے لیے مسائل پیدا ہوں گے۔ان کا کہنا تھا کہ ہماری کسی سے ذاتی رنجش نہیں ہے بلکہ سرکاری املاک کو قبضہ مافیا سے بچانا ہے۔تجاوزات کے سلسلے میں سخت عوامی ردے عمل سامنے آیا ہے ۔عوام نے انتظامیہ سے مطالبہ کیا ہے کہ تجاوزات کوختم کرکے قبضہ مافیا کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے۔