پنڈورا پیپرز کی تحقیقات کیلیے سپریم کورٹ میں درخواست دائر

150

 اسلام آباد (نمائندہ جسارت ) ٹرانسپرنسی انٹرنیشنل نے پنڈورا پیپرز کی تحقیقات کیلیے سپریم کورٹ میں درخواست دائر کردی، درخواست میں مئوقف اختیار کیا گیا کہ ٹھوس ثبوت نہ دینے والوں کیخلاف کارروائی کا حکم دیا جائے، ایف بی آر نام آنے والوں سے شواہد مانگے کہ پیسا آف شورکمپنیوں میں کیسے گیا؟ تفصیلات کے مطابق ٹرانسپرنسی انٹرنیشنل نے پنڈورا پیپرز کی تحقیقات کیلیے سپریم کورٹ میں درخواست دائر کردی ہے۔درخواست میں مئوقف اپنایا گیا کہ ایف بی آر کو اثاثے ظاہر نہ کرنے والے پاکستانیوں کے نا م سامنے لانے چاہییں، پنڈورا لیکس میں جو نام ہیں ان کو سامنے لانے کیلیے ایف بی آر کو حکم دیا جائے، ایف بی آر پنڈورا لیکس میں نام آنے والوں سے شواہد مانگے کہ پیسا باہر آف شورکمپنیوں میں کیسے گیا؟ درخواست میں وفاقی حکومت ، نیب، ایف آئی اے، ایس آر یو، ایف بی آر اورایس ای سی پی کو فریق بنایا گیا ہے۔یاد رہے 07 اکتوبر کو ٹرانسپرنسی انٹرنیشنل نے وزیراعظم عمران خان سے پنڈورا لیکس میں شامل 700 پاکستانیوں کیخلاف تحقیقات کا مطالبہ کیا تھا، ٹرانسپرنسی انٹرنیشنل نے وزیراعظم عمران خان کو خط لکھا جس میں کہا کہ پنڈورا لیکس میں شامل افراد کے آف شور کمپنیوں میں سرمایہ کاری کے طریقہ کار کی تحقیقات کی جائے۔
ٹرانسپرنسی انٹر نیشنل