وزیراعظم سیاسی طور پر سوچ رہے تھے ،فوج کا اپنا طریقہ کار ہے،شیخ رشید

95

اسلام آباد(صباح نیوز) وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ نئے ڈی جی آئی ایس آئی کی تعیناتی سے متعلق وزیراعظم سیاسی طور پر سوچ رہے تھے ، فوج کا اپنا طریقہ کارہے،وزیراعظم نے بتایا ہے کہ سب چیزیں باہمی طور پر طے ہوگئی ہیں۔پی ٹی آئی کی پارلیمانی پارٹی کے اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو میں شیخ رشید نے کہا کہ نئی تعیناتی کے لیے وزیر اعظم نے انٹرویو کی کوئی بات نہیں کی،وزیر اعظم عمران خان نے کہا ہے کہ سب ٹھیک ہو گا۔وفاقی وزیر داخلہ سے صحافی نے
سوال کیا کہ شیخ صاحب انٹرویوز ہوں گے ؟ جس پر شیخ رشید نے کہا کہ جلد نوٹیفکیشن ہو جائے گا،ہمارے بہت اچھے تعلقات ہیں۔شیخ رشید کا کہنا تھا کہ وزیراعظم نے بتایا ہے کہ سب چیزیں باہمی طور پر طے ہوگئی ہیں۔ وفاقی وزیر داخلہ نے کہا کہ بنیادی طور پر وزیر اعظم نے افغانستان کے حوالے سے بریفنگ دی ہے، افغانستان میں حالات کیسے ہیں اور ہمیں کیسے اس پرانتظامات کرنے ہیں۔انہوں نے کہا کہ رحمت للعالمین اتھارٹی پر بھی بات کی اور موجودہ حالات کے بارے میں کہا کہ سب ٹھیک ہے، ہمارے بہت اچھے تعلقات ہیں، ہماری اور فوج کی اچھی انڈر اسٹینڈنگ ہے، ہم سیاسی طور پر سوچتے ہیں اور ان کا اپنا ایک طریقہ کار ہے لیکن آپس میں تمام معاملات طے ہیں۔