مغرب میں اسلامو فوبیا کے واقعات کا تدارک ناگزیر ہے‘ اسد قیصر

121

اسلام آباد (اسٹاف رپورٹر) اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے کہا ہے کہ وزیر اعظم کا سیرت رحمت للعالمین اتھارٹی کے قیام اور عشرہ رحمت للعالمینؐ منانے کا اعلان خوش آئند ہے۔ انہوں نے کہا کہ مغرب میں اسلامو فوبیا کے بڑھتے ہوئے واقعات کا تدارک انتہائی ضروری ہے اور اس سلسلے میں بین المذاہب ہم آہنگی کا فروغ وقت کی اہم ضرورت ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے وزیراعظم کے نمائندہ خصوصی برائے بین المذاہب ہم آہنگی حافظ طاہر محمود اشرفی سے ہونے والی ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کیا۔اسپیکر قومی اسمبلی نے کہا کہ عشرہ رحمت للعالمینؐ منانا وزیر اعظم عمران خان کا خاتم النبین حضورؐ سے والہانہ عقیدت کا اظہار ہے۔ پرامن اسلامی معاشرے کی تشکیل کے لیے نوجوانوں کو سیرت النبیؐ سے آگاہ کرنا ضروری ہے کیونکہ سیرت النبیؐ پر عمل پیرا ہو کر ہی مسلم اُمہ کو درپیش مسائل سے چھٹکارا دلایا جا سکتا ہے۔اس موقع پر حافظ طاہر اشرفی نے کہا ہے کہ نومبر کے پہلے ہفتے میں سیرت النبیؐ کانفرنس کا انعقاد کیا جائے گا جس میں تمام جید علما سمیت بڑے اسکالرز شرکت کریں گے۔