کوئٹہ (نمائندہ جسارت) کوئٹہ میں سرکاری اسپتالوں کی او پی ڈیز میں ینگ ڈاکٹرز کی ہڑتال12 ویں روز بھی جاری رہی۔ینگ ڈاکٹرز ایسوسی ایشن کی جانب سے اپنے مطالبات کے حق میں سرکاری اسپتالوں کی اوپی ڈیز میں ڈیوٹی کے بائیکاٹ اور ہڑتال کے باعث او پی ڈیز ہی بند رہیں۔ ینگ ڈاکٹرز کے مطابق اسپتالوں میں آپریشن تھیٹرز کا بھی جزوی بائیکاٹ کیا جارہا ہے۔ صرف ایمرجنسی آپریشن کیے جا رہے ہیں۔ ترجمان ینگ ڈاکٹرز کے مطابق ہڑتال اسپتالوں میں ادویات کی قلت، طبی سہولتوں کے فقدان اور اسپتالوں کی نجکاری کے مجوزہ پروگرام کے خلاف کی جا رہی ہے۔ ڈاکٹروں کی مسلسل ہڑتال کے باعث اسپتالوں میں آنے والے مریضوں کو شدید پریشانی کا سامنا رہا۔