اسلام آباد ( آن لائن )اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے کہا ہے کہ اپنے قبائلی بھائیوں سے کیے گئے وعدوں کو پورا کرنے کے لیے کوشش کر رہے ہیں،سابق فاٹا کے مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے کی ضرورت ہے،ورکنگ گروپ جلد پنجاب، سندھ، بلوچستان اور خیبرپختونخوا کے وزرائے اعلیٰ اور گورنرز سے ملاقاتیں کرے گا۔اسپیکر قومی اسد قیصر کی زیر صدارت سابق فاٹا سے متعلق اہم مشاورتی اجلاس ہو ا، جس میں وفاقی وزیر مذہبی امور نورالحق قادری، وزیراعظم کے معاون خصوصی ارباب شہزاد شریک ہو ئے ۔کمیٹی کے ارکان نے اسپیکر قومی اسمبلی کو فاٹا کے لیے قائم ورکنگ گروپس کی کارکردگی سے آگاہ کیا ۔قبائلی اضلاع کو دیگر اضلاع کے برابر لانے کے لیے امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔سابق فاٹا کی ترقی کے لیے آئندہ کے لائحہ عمل پر غور جبکہ اسپیکر قومی اسمبلی نے کمیٹی کو این ایف سی ایوارڈ سمیت دیگر مسائل کے حل کے لیے وزرائے اعلی سے رابطے کی ہدایت کردی۔