اسلام آباد (اے پی پی)وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ ایشیامیں رابطوں اور اعتماد سازی اقدامات سے متعلق کانفرنس(سی آئی سی اے)کا بر اعظم ایشیامیں امن ،سلامتی اور ترقی کے لیے اہم پلیٹ کی فراہمی میں اہم کردار ہے،عالمی برادری تاریخ کے اس نازک مرحلے میں امن،استحکام اور ترقی کے لیے افغان عوام کی مدد کریں،مسئلہ کشمیر حل کیے بغیر جنوبی ایشیامیں پائیدار امن قائم نہیں ہو سکتا۔یہ بات انہوں نے منگل کوسی آئی سی اے کے چھٹے وزارتی اجلاس سے وڈیو خطاب میں کہی۔وزیر خارجہ نے ڈائیلاگ اور تعاون کے ذریعے ایشیائی براعظم میں امن ، سلامتی اور ترقی کے فروغ کے لیے ایک اہم پلیٹ فارم فراہم کرنے میں سی آئی سی اے کے کردار کو سراہااور ایشیا میں مشترکہ ، جامع ، تعاون اور پائیدار سلامتی کے تصور کے حوالے سے سی آئی سی اے عمل کے لیے پاکستان کے عزم کا اعادہ کیا۔افغانستان میں 4 دہائی سے جاری جنگ اور تنازعات کے منفی اثرات کواجاگر کرتے ہوئے وزیر خارجہ نے عالمی برادری پر زور دیا کہ وہ تاریخ کے اس نازک موڑ پر امن ، استحکام اور ترقی کی تلاش میں افغان عوام کو مدد فراہم کریں۔ وزیر خارجہ نے اس بات پر زور دیا کہ جموں و کشمیر کا بنیادی تنازع اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں اور کشمیری عوام کی خواہشات کے مطابق حل کیے بغیر جنوبی ایشیا میں پائیدار امن قائم نہیں ہو سکتا۔