پی ایس ایل فرنچائزز نے پی سی بی کی پیشکش قبول کرلی

153

لاہور(جسارت نیوز)پاکستان کرکٹ بورڈ نے اعلان کیا ہے کہ پاکستان سپر لیگ کی تمام فرنچائزز نے گزشتہ ماہ گورننگ کونسل میں پیش کردہ پی سی بی کی پیشکش کو قبول کرلیا. پاکستان میں کرکٹ کے فروغ میں اپنا اہم کردار ادا کرنے پر پی سی بی نے 6 فرنچائزز کو مندرجہ ذیل پیشکش کی تھی۔ پی ایس ایل 5 اور 6 کے لیے انہیں کوویڈ 19 ریلیف دینا، پی ایس ایل کے 7ویں ایڈیشن سے 30 ایڈیشن تک سینٹرل پول آف ریونیو میں ان کے شیئر میں اضافہ کرنا،ڈالر کا ریٹ مقرر کرناطے پایا تھا۔چیئرمین پی سی بی رمیز راجہ کا کہنا ہے کہ پی سی بی اور فرنچائزز کے درمیان ان حل طلب معاملات کی وجہ سے برانڈ کی ساکھ متاثر ہورہی تھی ۔ خوشی ہے کہ یہ تمام معاملات بالآخر حل ہوچکے ہیں ، یہ فرنچائز مالکان کے ساتھ ہمارے تعلقات کو مضبوط بنانے کی جانب ایک بڑا قدم ہے فرنچائز مالکان کا مشترکہ اعلامیہکے مطابق پی ایس ایل ہم سب کے دل کے بہت قریب ہے۔ سال 2016 کے بعد سے ہم نے اسے آج اس مقام پر پہنچانے کے لیے بہت محنت کی ہے۔ پی سی بی کی پیشکش کو قبول کرنا اس امر کی تصدیق ہے کہ ہم پی ایس ایل کو ایک بڑی اور بہتر لیگ بنانے کے لیے پرعزم ہیں۔ ایسی لیگ جہاں بہترین کھلاڑی حصہ لیں۔