ڈالر ذخیرہ کرنے والوں کے گرد گھیرا تنگ کردیا،شیخ رشید

121
اسلام آباد: وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید پریس کانفرنس کررہے ہیں

اسلام آباد (آن لائن) وزیر داخلہ شیخ رشید نے کہا ہے کہ ڈالر ذخیرہ کرنے والوں کے خلاف ایف آئی اے نے گھیرا تنگ کر دیا ہے‘ 5 کمپنیوں کے آڈٹ کا بھی فیصلہ کیا ہے‘ 88 لوگوں کو گرفتار کیا گیا ہے جب کہ 47 کے خلاف ایف آئی آر درج کی ہے‘ مذہب کی بنیاد پر کسی کو نہیں چھیڑیں گے‘ پی ڈی ایم جو کرنے جا رہی ہے یہ نہ ہو وہ اس کے گلے پڑجائے‘ وہ اپنے سیاسی فیصلوں میں خطے کی صورتحال کو مد نظر رکھے۔ اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے وفاقی وزیرداخلہ کا کہنا تھا کہ ڈاکٹر عبدالقدیر کی نماز جنازہ پر وزارت داخلہ نے بہترین انتظامات کیے اور محسن پاکستان کو وزارت داخلہ نے سرکاری اعزاز کے ساتھ سپرد خاک کیا ہے۔ وزیرداخلہ نے کہا کہ ڈالر اگر غیر قانونی طریقہ سے افغانستان بھیجا گیا ہے تو اس پر کسٹمز کو تحقیقات کرنی چاہیے‘ کسٹم ڈپارٹمنٹ وزارت داخلہ کے ماتحت نہیں ہے۔ وزیرداخلہ کا کہنا تھا کہ پاکستان اپنی تاریخ کے انتہائی حساس ترین مہینوں سے گزر رہا ہے ، افغانستان میں رونما ہونے والی سیاسی تبدیلی کے اثرات پاکستان پر بھی پڑیں گے۔ سول ملٹری تعلقات کے حوالے سے ایک سوال پر وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ سرکاری بیان دینے کی پوزیشن میں نہیں ہوں‘ سرکاری بیان فواد چودھری اور وزیر دفاع پرویز خٹک ہی دے سکتے ہیں تاہم یہ کہنا چاہتا ہوں کہ سول ملٹری تعلقات کے حوالہ سے کوئی مسئلہ نہیں سب ٹھیک ہیں ‘ جب بھی ٹرانسفر ہوتے ہیں‘ وہ معمول کے مطابق ہوتے ہیں ۔