ملتان (این این آئی/ آن لائن) وزیر خارجہ مخدوم شا ہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ مظلوم کشمیریوں کو بھارتی قابض افواج کے استبداد سے نجات دلانے کے لیے عالمی برادری کو آگے آنا ہوگا‘ ہمارے اقدامات کی بدولت کشمیر ایک خطے کا نہیں بلکہ عالمی مسئلہ بن چکا ہے جسے اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حل کرنا ہوگا‘ افغانستان میں قیام امن کے حوالے سے ہماری کاوشیں دنیا دیکھ رہی ہے‘کورونا وبا نے دنیا کی طاقتور معیشتوں کو بری طرح متاثر کیا ہے‘علاقائی روابط میں اضافہ ہماری اولین ترجیح ہے۔گزشتہ این اے 156کی مختلف یونین کونسلوں کے دورہ کے دوران استقبالیہ تقاریب سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر نے کہا کہ بھارتی ظلم و ستم کے خلاف ہر فورم پر آواز اٹھاتے رہیں گے ‘ کشمیریوں کے حق خودارادیت کے حصول کی جدوجہد میں شانہ بشانہ ساتھ کھڑے ہیں‘ قابض بھارتی افواج کے ظلم وستم اور جنگی جرائم کے ناقابل تردید شواہد پر مبنی ڈوزیر دنیا کے سامنے رکھے ‘ افغانستان میں امن کا قیام ہماری اولین ترجیح ہے اور ہم سمجھتے ہیں افغانستان میں امن ہوگا تو خطے میں امن ہوگا‘ پاکستانی معیشت حوصلہ افزا معاشی اعشاریوں کے ساتھ درست راستے پر گامزن ہے‘ برآمدات اور زرعی شعبے میں نمایاں ترقی ہو رہی ہے۔