ڈاکٹر قدیر کی زندگی پاکستان سے محبت کی کہانی ہے،شہباز شریف

292

لاہور( نمائندہ جسارت) ن لیگ کے صدر اور قومی اسمبلی میں قائد حزبِ اختلاف شہباز شریف نے کہا ہے کہ ڈاکٹر عبد القدیر کی زندگی پاکستان سے محبت کی کہانی ہے۔ ڈاکٹر عبد القدیر خان کے انتقال پر رنج و غم اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے ان کا کہنا تھاکہ ڈاکٹر عبد القدیر خان پاکستان کے دفاع اور سلامتی کی ایک قابل فخر تاریخ اور جدوجہد کا نام تھا۔ اپنے بیان میں شہباز شریف نے کہا کہ اسلام اور پاکستان ہی ان کا مطمع نظر رہے ان کی تمام زندگی پاکستان کے دفاع کو ناقابل تسخیر بنانے میں صرف ہوئی، پاکستان اور قوم ہمیشہ ان کی احسان مند رہے گی۔اپوزیشن لیڈر کا یہ بھی کہنا تھاکہ قوم ایک سچے محسن سے محروم ہو گئی ہے، ڈاکٹرعبدالقدیر خان نے دل و جان سے مادر وطن کی خدمت کی،ان کا انتقال ملک کے لیے بہت بڑا نقصان ہے۔لیگی صدر نے مزید کہاکہ پاکستان کو ایٹمی طاقت بنانے میں ان کا کردار مرکزی ہے، اللہ ان کی روح پر اپنی رحمتیں نازل فرمائے۔