وقارالنساء ویمن کالج راولپنڈی کویونیورسٹی بنا رہے ہیں، شیخ رشید

89

راولپنڈی (نمائندہ جسارت) وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے کہا ہے وقار النساء ویمن کالج کو یونیورسٹی میں اپ گریڈ کیا جا رہا ہے، وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار رواں ماہ وقارالنساء ویمن یونیورسٹی راولپنڈی کا افتتاح کریں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے میڈیا سے گفتگو کے دوران کیا۔ وزیر داخلہ نے اس امید کا اظہار کیا کہ ماہ ربیع الاول کے دوران 60 تعلیمی اداروں کا ہدف مکمل ہو جائے گا، 7 کالج مکمل ہوچکے جبکہ تیسری ویمن یونیورسٹی کا افتتاح ہونے جا رہا ہے شیخ رشید احمد نے کہا کہ ہم راولپنڈی میں انفارمیشن ٹیکنالوجی یونیورسٹی قائم کرنے کی کوشش کر رہے ہیں جبکہ بہبود اسکول کو محکمہ تعلیم کے حوالے کردیا گیا ہے تاکہ ایک انٹر کالج قائم کیا جاسکے، اسی طرح مری روڈ پر طالبات کا ایک کالج بھی قائم کیا جائے گا۔ راولپنڈی ملک بھر میں خواتین کی تعلیم میں سرفہرست ہے، ہم نے طالبات کو گھر کے دروازے پر تعلیم کی سہولیات فراہم کرنے کی کوشش کی اور شہر میں اسکول اور کالج قائم کرنے کیلیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے۔ اسکولوں اور کالجوں میں طلبہ کو تمام ممکنہ سہولیات فراہم کی گئی ہیں اوران تعلیمی اداروں کی ترقی کا کریڈٹ وزیراعظم عمران خان اور وزیراعلیٰ عثمان بزدار کو جاتا ہے۔