سعودی عرب سے مذاکرات میں پیشرفت ہوئی‘ ایران

232
بیروت: ایرانی وزیر خارجہ امیر عبداللہیان پریس کانفرنس کررہے ہیں

بیروت (انٹرنیشنل ڈیسک) ایرانی وزیر خارجہ حسین امیرعبداللہیان نے کہا ہے کہ ایران اور سعودی عرب کے درمیان مذاکرات میں اچھی پیش رفت ہوئی ہے۔ انہوں نے بیروت میں لبنان کے اعلیٰ عہدے داروں سے ملاقات میں ایران اور سعودی عرب کے درمیان جاری بات چیت کے مثبت اثرات کے بارے میں تبادلہ خیال کیا ہے۔انہوں نے مشرقِ وسطیٰ میں غیرملکی فوجیوں کی موجودگی کو علاقائی عدم استحکام کا ذمے دار قرار دیا ہے۔ ایرانی وزیرخارجہ اگست میں اپنا منصب سنبھالنے کے بعد لبنان کا یہ پہلا دورہ کررہے ہیں۔ انہوں نے لبنانی صدر میشال عون، وزیراعظم نجیب میقاتی اور پارلیمانی کے اسپیکر نبیہ بری سے الگ الگ ملاقاتیں کیں۔ ملاقاتوں کے بعد نیوزکانفرنس میں انہوں نے کہا کہ ہم نے سعودی عرب اورایران کے درمیان جاری مذاکرات کا مثبت انداز میں جائزہ لیا ہے۔ وہ دونوں ممالک کے حکام کے درمیان اپریل سے جاری براہِ راست مذاکرات کا حوالہ دے رہے تھے۔ انہوں نے مزیدبتایا کہ عالمی طاقتوں کے ساتھ جوہری سمجھوتے کی بحالی کے لیے مذاکرات کا نیا دور جلد شروع ہوگا۔