پشاور،عوامی نیشنل پارٹی کا مہنگائی کے خلاف شدید احتجاج

118

پشاور(مانیٹرنگ ڈیسک) عوامی نیشنل پارٹی نے ملک میں جاری مہنگائی کی لہر کو حکومتی ناکامی قراردیتے ہوئے قوم سے حکومت کے خلاف میدان میں نکلنے کامطالبہ کردیا۔یہ مطالبہ جمعہ کے روز چوک یادگار میں اے این پی کے زیراہتمام دودنوں سے جاری بھوک ہڑتالی کیمپ میں کیاگیا جس میں کیمپ کے روح رواں حاجی غلام احمدبلور نے چوبیس گھنٹوں سے جاری اپنی بھوک ہڑتال بھی ختم کی۔اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے اے این پی کے مرکزی رہنما حاجی غلام احمد بلور نے کہاکہ آج پاکستان میں صرف اورصرف مہنگائی ہے اورعوام کاجینا ممکن نہیں رہا، لوگ یوٹیلیٹی بل جمع نہیں کراسکتے، ہم میدان میں نکلے ہیں عوام ساتھ دے۔انہوں نے کہاکہ ملک اناڑی کے حوالے کیاگیاجس نے سب کچھ تباہ کردیاہے، جو قوتیں اس اناڑی کولے کر آئیں وہی اب ملک کی اس سے جان چھڑائیں، پاکستان پرامریکا کی جانب سے پابندیاں لگیں توملک نہیں چل پائے گا۔اے این پی کے صوبائی جنرل سیکرٹری سردارحسین بابک نے کہاکہ اے این پی نے عوام کودرپیش مہنگائی کے خلاف یہ احتجاج کیاہے، پوری دنیا نے دیکھ لیا کہ عوام کس قدرتنگ ہے، مہنگائی اس جگہ پہنچ چکی ہے کہ عوام کاجینا محال ہوچکاہے، ہم سیاست کے لیے نہیں بلکہ عوام کے لیے نکلے ہیں۔راہ حق پارٹی کے سربراہ ابراہیم قاسمی نے کہاکہ ہم مہنگائی کے خلاف احتجاج میں بھرپور طریقہ سے شریک ہیں۔ انصاف تاجراتحاد کے صدر شاہد خان نے کہاکہ مہنگائی کیخلاف ہم بھی ہیں کیونکہ عوام عاجز آچکے ہیں، ہم اس جنگ میں عوام کیساتھ کھڑے ہیں۔اس موقع پرحکومت کے خلاف نعرہ بازی بھی کی گئی۔بھوک ہڑتالی کیمپ میں اے این پی کے رہنمائوں سید عاقل شاہ اور فرید طوفان کے علاوہ تاجررہنماؤں نے بھی شرکت کی۔