برطانوی کرکٹ بورڈ کے چیئرمین کا استعفیٰ

212

نیوزی لینڈ کی پیروی میں برطانوی ٹیم کے دورۂ پاکستان کی منسوخی کا بلاجواز اعلان انگلینڈ اینڈویلز کرکٹ بورڈ کے چیئرمین کو لے ڈوبا ہے اور بورڈ کے چیئرمین این واٹمور نے اپنے عہدہ سے استعفیٰ دے دیا ہے۔ این واٹمور کے عہدے کی مدت پانچ سال تھی، تاہم این واٹمور صرف 13 ماہ عہدے پر فائز رہ سکے۔ برطانوی ذرائع ابلاغ کے مطابق پاکستان انگلینڈ سیریز منسوخی کی وجہ سے وہ دبائو کا شکار تھے۔ چنانچہ انہوں نے بورڈ آف ڈائریکٹرز سے مشاورت کے بعد باہمی رضا مندی سے عہدے سے مستعفی ہونے ہی میں عافیت جانی ہے انگلش کرکٹ ٹیم نے رواں ماہ پاکستان کا دورہ کرنا تھا لیکن نیوزی لینڈ کی جانب سے دورہ ملتوی کیے جانے کے بعد انگلینڈ نے بھی یکطرفہ طور پر دورہ ملتوی کر دیا تھا۔ جس کے بعد برطانوی وزیر اعظم، حکومتی ارکان، انگلش کرکٹرز کی جانب سے بھی اس فیصلے پر سخت تنقید کی گئی تھی۔ انگلینڈ کے اس فیصلے پر دنیا بھر کی کرکٹ سے وابستہ شخصیات نے بھی تنقید کی اور خاص طور پر انگلینڈ کو اس بات پر تنقید کا نشانہ بنایا جا رہا ہے کہ جب انگلینڈ میں کرونا کی بدترین صورتحال تھی تو پاکستان نے دورہ کیا تھا۔ لیکن بدلے میں انگلینڈ نے ضرورت کے وقت پاکستان کی مدد نہیں کی۔ برطانوی کرکٹ بورڈ کے چیئرمین کا استعفیٰ کرکٹ کے پاکستانی شائقین کے زخموں پر مرہم کا کام کرے گا۔ تاہم این واٹمور کو آج نہیں تو کل بہرحال اس بین الاقوامی سازش سے پردہ اٹھانا ہو گا اور ان حالات سے دنیا کو آگاہ کرنا ہو گا جن سے مجبور ہو کر وہ بلاوجہ پاکستان کا دورہ منسوخ کرنے کا اعلان کرنے پر مجبور ہوئے تھے۔