اقوام متحدہ‘ چین‘ جاپان‘ ایران کا بلوچستان میں زلزلہ پر اظہار افسوس

109

اسلام آباد/نیویارک/تہران/ بیجنگ/ (خبر ایجنسیاں) بلوچستان میں زلزلے سے ہونے والے جانی ومالی نقصان پراقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریس ‘ ایرانی وزیر خارجہ حسین عبداللہیان‘ چینی وزارت خارجہ کے ترجمان زہائو لیجیان اورجاپان کے سفیر متسودا کونینوری نے پاکستان میں آنے والے زلزلے پر افسوس کا اظہار کیا ہے۔جبکہ ایرانی وزیر خارجہ حسین عبداللہیان نے کہا ہے کہ بلوچستان میں زلزلے سے ہولناک تباہی پر پاکستانی حکومت اور عوام سے ہمدردی کا اظہار کرتے ہیں۔ انہوں نے پیش کش کی کہ مشکل کی اس گھڑی میں امدادی سرگرمیوں میں امداد فراہم کر سکتے ہیں۔چین نے پاکستان کے صوبہ بلوچستان کے ضلع ہرنائی میں زلزلے سے ہونے والے جانی و مالی نقصان پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ چین زلزلے سے متاثرہ افراد کی ہر ممکنہ مدد کے لیے تیار ہے۔پاکستان میں جاپان کے سفیر متسودا کونینوری نے بلوچستان میں زلزلے سے جا ں بحق افراد کے لواحقین، حکومت اور بلوچستان کے لوگوں کے ساتھ گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیاہے۔دوسری جانب زلزلے سے سب سے زیادہ متاثرہ علاقے ہرنائی میں صوبائی حکومت اور پاک فوج کے جوان امدادی سرگرمیوں میں مصروف ہیں۔