کراچی (اسٹاف رپورٹر)کرکٹ کی عالمی گورننگ باڈی آئی سی سی نے اعلان کیا ہے کہ کھیل میں اب بیٹسمین کو بیٹسمین نہیں کہا جائے گا۔ برطانوی خبر رساں ایجنسی کے مطابق انٹرنیشنل کرکٹ کونسل نے اپنے بیان میں کہا کہ رواں ماہ ہونے والے ورلڈ ٹی ٹوئنٹی ٹورنامنٹ سے بیٹسمین کے لیے بیٹسمین کی اصطلاح استعمال نہیں کی جائے گی۔آئی سی سی کا کہنا ہے کہ بیٹسمین کی جگہ صنفی جانبداری سے پاک لفظ ’بیٹر‘ استعمال کیا جائے گا جو کہ خواتین اور مرد دونوں کیلیے استعمال ہوسکے گا۔ بیٹسمین کا لفظ دو حصوں پر مشتمل ہے، ایک ’بیٹس‘ جس کا مطلب بلا اور دوسرا ’مین‘ جس سے مراد کھلاڑی ہے لیکن مین کا لفظ مردوں کے لیے استعمال ہوتا ہے اور ویمن کرکٹ میچ کے دوران اس لفظ کا استعمال لغوی اعتبار سے غلط ہوتا ہے۔کرکٹ میں خواتین کے بڑھتے ہوئے کردار اور خواتین کرکٹ کی مقبولیت کے بعد یہ فیصلہ کیا گیا ہے کہ بیٹسمین کے بجائے ’بیٹر‘ کا لفظ استعمال کیا جائے تاکہ اس سے مرد یا عورت کو کوئی تاثر ہی نہ جائے۔کرکٹ کے قوانین ترتیب دینے والی اتھارٹی میری لیبون کرکٹ کلب (ایم سی سی) نے گزشتہ ماہ بیٹسمین کے لفظ کو بیٹر سے تبدیل کرنے کی منظوری دی تھی۔