ٹی ٹی پی مذاکرات،شیخ رشید کی لاعلمی نے عمران خان کا دعویٰ بے نقاب کردیا،لیاقت بلوچ

355

لاہور(نمائندہ جسارت) نائب امیر جماعت اسلامی سابق پارلیمانی لیڈر لیاقت بلوچ نے کہاہے کہ امن واستحکام کے لیے ڈائیلاگ ہی پُر امن راستہ ہے، لیکن وزیر داخلہ نے امن مذاکرات سے لاعلمی کا اعلان کر کے وزیراعظم کے اعلانات کو بے نقاب کر دیا ہے۔ وزیرداخلہ شیخ رشیدجو بہت باخبر اور بارسوخ ہیں،انہوں نے امن مذاکرات کا کریڈٹ لینے کے لیے وزیراعظم عمران خان کے بے وقعت دعوے کو بے نقاب کر دیا ہے۔ جو مذاکرات کے ذریعے راہ ہموار کرے گا کریڈٹ بھی وہی لے گا۔لیاقت بلوچ نے کہا کہ وزیراعظم کا کامیاب نوجوان پروگرام ماضی کی حکومتوں کی پیلی ٹیکسی، گرین ٹریکٹر، سستی روٹی، سستے بازاروں کی اسکیموں کی طرح ہی ناکام پروگرام ہے۔ کامیاب پروگرام کے لیے پہلے اعلان کیا کہ 37 کھرب روپے سے 70 لاکھ خاندانوں کی امداد کی جائے گی، لیکن آغاز پر 14کھرب روپے اور 30 لاکھ خاندانوں کا اعلان کیا گیا۔ کورونا کوڈ 19کا امدادی پروگرام بھی ٹھس ہوا،یہ بھی خان صاحب کا ہوائی پروگرام ثابت ہوا ہے۔ قومی معیشت مہنگائی، بیروزگاری، افراطِ زَر، بجلی، گیس، پیٹرول کی قیمتوں میں اضافہ اور قرضوں کے بدترین بوجھ کا شکار ہے۔ عوام کو ذلت کی زندگی سے نجات دلانے کے لیے قومی ترجیحات پر اتفاق رائے کے ایکشن پلان کی ضرورت ہے۔لیاقت بلوچ نے کہا کہ پنڈورا پیپرز پر عمران خان کی حکومت کے یکطرفہ اور عجلت کے اقدامات نے شکوک وشبہات پیدا کر دیے ہیں۔ حکومت پنڈورا پیپرز ریفرنس عدالت عظمیٰ میں دائر کرے اورعدالت عظمیٰ کی ہدایت کے مطابق جے آئی ٹی اورٹی او آرز پر عمل کیا جائے۔ تحقیقات کی تکمیل تک وزرا، سرکاری اور قومی عہدیداران کو عہدوں سے ہٹا یا جائے۔ جماعت اسلامی پاناما لیکس، پنڈوراپیپرز اور قرضے ہڑپ کرنے والوں کی رشوت، کرپشن، اختیارات کے ناجائز استعمال کے خلاف عدالت عظمیٰ اور عوام کا دروازہ کھٹکھٹائے گی۔ حکومتی چھتری تلے کرپٹ مافیا کا تحفظ، کرپشن، رشوت، عدل وانصاف کی عدم فراہمی، مہنگائی، بے روزگاری نیز بجلی، گیس اورپیٹرول کی قیمتوں میں مسلسل اضافہ اخلاقی بحرانوں کو گہرا کر رہا ہے۔