کراچی میں جماعت اسلامی کی انتخابی پیش رفت سے پورے ملک کو حوصلہ ملا،سراج الحق

451
کراچی: امیر جماعت اسلامی پاکستان سراج الحق ادارہ نورحق میں کنٹونمنٹ بورڈ میں جماعت اسلامی کے منتخب نمائندوں سے خطاب کررہے ہیں‘ محمد حسین محنتی‘ حافظ نعیم الرحمن ودیگر بھی موجود ہیں

کراچی (اسٹاف رپورٹر)امیرجماعت اسلامی پاکستان سراج الحق نے کہا ہے کہ کراچی سمیت پنڈی اور نوشہرہ میں کنٹونمنٹ بورڈ کے انتخابات میں جماعت اسلامی کی پیش رفت اور کامیابی سے پورے ملک کو حوصلہ اور جذبہ ملا ہے ،نئے مواقع اور امکانات پیدا ہوئے ہیں ،جماعت اسلامی کے منتخب نمائندے عوام کے اعتماد پر پورا اتریں گے ،حالات کروٹ لے رہے ہیں ،پنڈورا پیپرز میں جماعت اسلامی کا کہیں دور دور تک نام نہیں جبکہ دیگر پارٹیوں کے لوگوں کے چہرے اترے ہوئے ہیں ،کراچی میں جماعت اسلامی کو جب بھی موقع ملا عوام کی خدمت کی اور مسائل حل کیے ہیں ،آئندہ بھی واحد جماعت اسلامی ہی اہل کراچی کے دیرینہ مسائل حل کرنے کی صلاحیت رکھتی ہے ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے بدھ کے روز کراچی آمد کے موقع پر ادارہ نورحق میں کنٹونمنٹ بورڈ کے انتخابات میں جماعت اسلامی کے نومنتخب نمائندوں کے ساتھ ایک نشست میں گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔نشست میں کنٹونمنٹ بورڈ کلفٹن وارڈ 7سے زکر محنتی، کنٹونمنٹ بورڈ ملیر وارڈ 9سے احمد یاسر،کنٹونمنٹ بورڈ ملیر وارڈ 1سے کرنل ملک محمد رضا،کنٹونمنٹ بورڈ کلفٹن وارڈ 5سے محمد ریحان اقبال مگوںاور کنٹونمنٹ بورڈ فیصل وارڈ2سیدابن الحسن ہاشمی نے مختصراً اپنا تعارف پیش کیا اور اپنے وارڈز کی تفصیلات ، مسائل اورکامیابی کے حوالے سے آگاہ کیااوربتایا کہ پانی کی قلت، کچرے کے ڈھیر ،ہائی رائز بلڈر مافیا حکومتی جماعتوں میں شامل افراد کی سرپرستی میں شہر بھر میں قابض ہیں، تمام حکومتی اداروں میں کرپٹ مافیا مسلط ہے، ہم جماعت اسلامی کی روایت کو برقرار رکھتے ہوئے شہریوں کی بے لوث خدمت کریں گے۔اس موقع پر امیر جماعت اسلامی صوبہ سندھ محمد حسین محنتی، نائب امیر ممتاز حسین سہتو ، امیر کراچی حافظ نعیم الرحمن، نائب امرا کراچی راجا عارف سلطان، محمد اسحاق خان، عبد الوہاب، مسلم پرویز، سیکرٹری کراچی منعم ظفر خان، ڈپٹی سیکرٹری یونس بارائی، امرائے اضلاع شاہد ہاشمی ، توفیق الدین صدیقی ،سیکرٹری اطلاعات زاہد عسکری ، ملک محمد حنیف ودیگر بھی موجود تھے۔سراج الحق نے کہاکہ ملک میں کرپشن ناسور کی شکل اختیار کرگئی ہے ، ہمیشہ انتخابات میںبھی خرید و فروخت کا سلسلہ جاری رہتا ہے ،جماعت اسلامی واحد جماعت ہے جو کرپشن سے پاک ہے ،ان شاء اللہ وہ دن دور نہیں کہ جماعت اسلامی ملک میں کرپشن فری نظام نافذ کرے گی۔سراج الحق نے کراچی کی ابتر حالت اور عوام کو درپیش بے شمار مسائل اور مشکلات کا ذمے دار موجودہ اور ماضی کی وفاقی وصوبائی حکومتوں، حکمران پارٹیوں اور نااہل بلدیاتی قیادت کو قراردیا اور کہا کہ آج کراچی کے عوام جن سنگین حالات سے دوچار ہیں یہ حالات چند دنوں یا مہینوں میں پیدا نہیں ہوئے بلکہ برس ہا برس سے یہاں پرقائم ہونے والی حکومتوں نے اپنی ذمے داری پوری نہیں کی ،بڑے افسوس اورحکمرانوں کے لیے شرم کا مقام ہے کہ ملک کے سب سے بڑے شہر کے لوگوں کو پینے کا پانی میسر نہیں اور پانی کراچی کا سب سے بڑا مسئلہ بنا ہواہے ،شہریوں کو صفائی ستھرائی کے ناقص انتظامات اور سڑکوں کی خستہ حالی نے گھیرا ہوا ہے ،3 کروڑ سے زاید لوگوں کے لیے ٹرانسپورٹ کا عملاً کوئی مؤثر نظام نہیں ہے ،معمولی بارش میں شہر ڈوب جاتا ہے ،بلدیاتی ادارے موجود نہیں ہیں ،اربوں کے پیکجز کے اعلانات تو کردیے جاتے ہیں لیکن پیسے خرچ نہیں کیے جاتے اور کراچی کے لوگوں کے مسائل حل نہیں ہوتے کہیں شنوائی نہیں ہوتی ،آخر کراچی کے عوام کہاں جائیں۔انہوں نے کہاکہ ماضی میں جماعت اسلامی کی اہل اور دیانت دار قیادت نے کراچی کے عوام کی بے مثال خدمت کی ہے ،عبد الستارافغانی اور نعمت اللہ خان نے خدمت اور دیانت کی ایسی مثالیں قائم کی ہیں کہ لوگ آج بھی انہیں یاد کرتے ہیں اور مخالفین بھی ان کی خدمات کا اعتراف کرتے ہیں ،موجودہ حالات میں بھی صرف جماعت اسلامی ہی کراچی کے عوام کے غموں اور دکھوں کا مداوا کرسکتی ہے اور مسائل حل کرنے کی صلاحیت رکھتی ہے ۔