واشنگٹن (انٹرنیشنل ڈیسک) امریکی سپریم کورٹ خلیج گوانتانامو بے کے امریکی حراستی مرکز میں رکھے گئے ایک قیدی پر خفیہ ایجنسی سی آئی اے کی طرف سے تشدد سے متعلق ایک مقدمے کی سماعت کر رہی ہے۔ اس میں قیدیوں کے ساتھ ناروا سلوک کو قومی سلامتی کے نام پر خفیہ رکھنے کی امریکی حکومتی خواہش کو چیلنج کیا گیا ہے۔ القاعدہ سے تعلق کے شبہے میں پاکستان سے گرفتاری کے بعد پولینڈ کی ایک جیل میں سی آئی اے کے مبینہ تشدد کا نشانہ بننے والے ابو زبیدہ نامی قیدی کی خواہش ہے کہ یہ امریکی عدالت نائن الیون حملوں کے بعد گرفتار کیے گئے مشتبہ افراد سے تفتیش کے لیے سی آئی اے کے طریقہ کار میں شامل 2 ماہرین نفسیات کو بھی اس مقدمے میں گواہی کے لیے مجبور کرے۔ ابوزبیدہ کے مطابق انہی دونوں اہل کاروں نے پولینڈ میں ایک خفیہ مقام ان پر شدید تشدد کیا تھا۔