سیکرٹری ایجوکیشن اور ڈائریکٹر کی عدم پیشی پر چیف جسٹس ہائیکورٹ برہم

115

کراچی(نمائندہ جسارت)سندھ ہائی کورٹ نے سجاول ضلع کی تحصیل میرپور بٹھورو میں ہائیر سیکنڈری اسکول غیر فعال ہونے سے متعلق دائر درخواست پر محکمہ ایجوکیشن کے متعلقہ حکام کو دوبارہ نوٹس جاری کردیا۔ بدھ کو چیف جسٹس سندھ ہائیکورٹ جسٹس احمد علی شیخ کی سربراہی میں سجاول ضلع کے تحصیل میرپور بٹھورو میں ہائیر سیکنڈری اسکول غیر فعال ہونے
سے متعلق مقامی وکیل عبدالجبار کھٹی کی جانب سے درخواست پر سماعت ہوئی۔ اس موقع پر سیکرٹری ایجوکیشن اور ڈائریکٹر نوٹس کے باوجود پیش نہیں ہوئے۔ چیف جسٹس سندھ ہائیکورٹ جسٹس احمد علی شیخ نے سیکرٹری تعلیم اور ڈائریکٹر کی غیر حاضری پر برہمی کا اظہار کیا۔ دوران سماعت میرپور بٹھورو ہائی اسکول کے پرنسپل کی جانب سے رپورٹ جمع کرائی گئی۔ چیف جسٹس نے استفسار کیا کہ آپ کے اسکول میں سائنس سبجیکٹ اسپیشلسٹ کتنے ہیں؟۔ پرنسپل نے بتایا کہ ہمارے پاس سائنس سبجیکٹ اسپیشلسٹ ایک بھی نہیں ہے۔ ساری سیٹیں خالی ہیں، اسکول صحیح طریقے سے نہیں چل رہا۔ عدالت نے محکمہ ایجوکیشن کے متعلقہ حکام کو دوبارہ نوٹس جاری کرتے ہوئے سماعت 25 اکتوبر تک ملتوی کردی۔