پاکستان ہاکی کو پھر سے عروج پرلانا چاہتا ہوں ،منظور جونیئر

182

کراچی (اسٹاف رپورٹر)قومی ہاکی سلیکشن کمیٹی کے چیئرمین اولمپین منظور جونیئر نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ میری یہ خواہش ہے کہ پاکستان ہاکی ایک بار پھر سے بام عروج پر ہو، قومی ہاکی ٹیم اقوام عالم میں سبز ہلالی پرچم بلند کرے۔ 1984 لاس اینجلس اولمپیکس کے فاتح کپتان، دنیائے ہاکی میں سب سے زیادہ میڈلز کے حامل کھلاڑیوں میں شمار گولڈن پلیئر کا خطاب پانے والے اولمپین منظور جونیئرنے کہا ہے کہ گراس روٹ لیول پر حقیقی عملی کام کرنے والے اداروں کی سرپرستی ضروری ہے لیکن انکی تعداد بہت کم ہے۔ زیادہ تر محض اشتہار بازی اور سوشل میڈیا پر ماضی کے اسٹار کھلاڑیوں کے ساتھ تصاویر اور ہاکی جرنل کے نام سے خودساختہ رسالے چھاپ کر شائقین ہاکی اور اداروں کو گمراہ کررہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان انسٹیٹیوٹ آف ہاکی نامی ادارہ سے میرا کوئی تعلق نہیں ۔ چیئرمین قومی ہاکی سلیکشن کمیٹی لیجنڈ اولمپین منظور جونیئر نے کہا ہے کہ پاکستان جونیئر ورلڈ کپ میں شمولیت کے لیے بھرپور تیاری میں ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں جونیئر ٹیلنٹ دستیاب ہے۔پاکستان ہاکی کا مستقبل جونیئر کھلاڑیوں کی بہترین تربیت اور نگہداشت میں پنہاں ہے۔ پاکستان ہاکی فیڈریشن کے صدر برگیڈیئر رخالد سجاد کھوکھر کے ویژن کے تحت قومی جونیئر ہاکی ٹیم کی تیاری کے لیے کھلاڑیوں کے پول میں ٹیلنٹ ہنٹ پروگرام کے ذریعہ اضافہ کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ قومی ہاکی سلیکشن کمیٹی کا کردار کھلاڑیوں کا ٹیلنٹ شناخت کرنا اور قومی دھارے کے لیے نئے ٹیلنٹ کو کھوج کر سامنے لانا ہے۔