شیخ رشید کی لاعلمی نے عمران خان کا دعویٰ بے نقاب کردیا، لیاقت بلوچ

517

 لاہور: نائب  امیر جماعت اسلامی  پاکستان لیاقت بلوچ کا کہنا ہے کہ شیخ رشید کی لاعلمی نے عمران خان کا دعویٰ بے نقاب کردیا،شیخ رشید بہت باخبر اور بارسوخ ہیں ‘ امن مذاکرات سے کیسے لاعلم رہے؟

لیاقت بلوچ نے کہاکہ وزیر داخلہ نے امن مذاکرات سے لاعلمی کا اعلان کرکے وزیر اعظم کو بے نقاب کردیا،وزیر اعظم کا کامیاب نوجوان پروگرام بھی دیگر اسکیموں کی طرح ناکام ہے،پنڈورا پیپرز پر عمران حکومت کی عجلت نے شکوک وشبہات پیدا کر دیے ہیں۔

نائب امیر جماعت اسلامی پاکستان کا کہنا تھا کہ پنڈورا پیپرز نے تینوں بڑی سیاسی جماعتوں کو ایکسپوز کر دیا ہے اور حکمران طبقہ کی شفافیت اور احتساب کے نعروں کی قلعی کھول دی ہے، شفاف تحقیقات سے اداروں کی ساکھ اور عوام کا اعتماد بحال ہو گا۔

 انھوں نے مزید کہا کہ جن اداروں کے موجودہ اور ریٹائرڈ ملازمین کے نام پنڈوراپیپرز میں آئے ہیں یا ان کے اہل خانہ کے نام شامل ہیں، ان اداروں کے سربراہان کی یہ ذمہ داری ہے کہ وہ اس کے خلاف تحقیقات کریں۔