اسلام آباد: فیکٹریوں کو آبادی سے باہر منتقل کیا جائے‘ میاں محمد رمضان

174

اسلام آباد (اسٹاف رپورٹر) جماعت اسلامی پاکستان کی سیاسی کمیٹی کے رکن، اسلام آباد سیاسی کمیٹی کے سیکرٹری اور یو سی 42 کے گروپ لیڈر میاں محمد رمضان نے قراردادوں کے ذریعے مطالبہ کیا ہے کہ آئی جے پی روڈ مت جلد مرمت کی جائے۔ یہ سڑک راولپنڈی اور اسلام آباد سے مری جانے والی ہلکی اور ہیوی ٹریفک کے لیے مر کزی شاہراہ ہے، جس پر معمول کی ٹریفک کے علاوہ ٹرک اور بسیں بھی گزرتی ہیں مگر عرصہ دراز سے بد ترین حد تک ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہے۔ انہوں نے حلقہ این اے54 کے ورکرز کنونشن سے اپنے خطاب کے دوران شہر کے سماجی اور صحت عامہ سے متعلق مسائل کی نشان دہی کی اور مطالبہ کیا کہ اسلام آباد کے سیکٹر آئی ٹین میں ایک بڑا سرکاری اسپتال تعمیر کیا جائے اور سیکٹر آئی نائن سے انڈسٹریل ایریا کو شہر سے باہر منتقل کیا جائے کیونکہ یہاں فیکٹریوں کے دھویں سے فضا میں آلودگی بڑھ رہی ہے جو علاقہ مکینوں کو دمے جیسی بیماری میں مبتلا کر نے کا باعث بن رہا ہے۔ انہوں نے ورکرز کنونشن میں اپنی قرارداد کے ذریعے فیکٹری مالکان کو ٹریٹمنٹ پلانٹ لگانے کا پابند بنانے کا بھی مطالبہ کیا۔