اسلام آباد(اے پی پی)وفاقی وزیرمنصوبہ بندی اسد عمر سے ایشیائی ترقیاتی بینک کے نئے تعینات ہونے والے کنٹری ڈائریکٹر یونگ یی نے ملاقات کی۔ اس موقع پر کورونا کے بعد کی صورتحال میں آفات کے خطرے سے نمٹنے کے انتظام پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ منگل کو وزارت منصوبہ بندی ،ترقی و خصوصی اقدامات سے جاری بیان کے مطابق ملاقات کے دوران موسمیاتی لچک کے اقدامات اور معاشی تعاون کے نئے امکانات کے لیے نجی شعبے کی مالی معاونت پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔ اسد عمر نے پاکستان میں تعینات کیے گئے نئے کنٹری ڈائریکٹر کو خوش آمدید کہا۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ ایشیائی ترقیاتی بینک نے ہمیشہ پاکستان کو آفات سے نمٹنے کے لیے مدد فراہم کی ہے۔ اسد عمر نے مزید کہا کہ کوویڈ19کی صورتحال سے نمٹنے اور ویکسین کی فراہمی میں ہم اے ڈی بی کے مشکور ہیں۔ انہوں نے کہا کہ این ڈی ایم آر ایف کی صلاحیت کو بڑھانے کی ضرورت ہے تاکہ قدرتی آفات کے خطرات کو کم کرنے کے لیے موثر اقدامات کیے جا سکیں ۔