گوجرانوالہ میں مزدور کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے سراج الحق امیر جماعت اسلامی پاکستان نے کہا ہے کہ ظالمانہ سرمایہ داری نظام نے مزدوروں، کسانوں سے زندگی کا حق چھین لیا ہے۔ ملک میں تعمیر و ترقی اور پیداوار ان کی محنت کی مرہون محنت ہے۔ کارخانوں اور کھیتوں کو ترقی دینے والے عظیم محنت کش خود محرومیوں کا شکار ہیں، معاوضے اتنے کم کہ جسم و جان کا رشتہ قائم رکھنا محال ہے۔ سوشل سیکورٹی، تعلیم و علاج سے محروم ہیں، حکومت کی اعلان کردہ کم از کم تنخواہ انہیں ادا نہیں کی جاتی، قانون کے مطابق ان سے 8 گھنٹے ڈیوٹی لینے کے بجائے 12,12 گھنٹے ڈیوٹی لی جاتی ہے۔ مستقل ملازمتیں نہیں دی جاتیں۔ بدترین سرمایہ داری نظام کی انتہائی ظالمانہ شکل ٹھیکیداری نظام میں جکڑے ہوئے ہیں انہیں بھرتی لیٹر، سوشل سیکورٹی، EOBI اور ورکرز ویلفیئر فنڈ کی جائز مراعات سے محروم کردیا گیا ہے۔ آئین، قانون، پارلیمنٹ اور انسانی حقوق کے ادارے ہونے کے باوجود بے چارہ مزدور، کسان بے گار کیمپ میں قید کردیا گیا ہے۔ دہاڑی دار مزدور جو منڈی، بازار، تعمیرات، دکانوں، ہوٹلوں، پٹرول پمپوں، گھروں، پتھر اور کوئلے کی کانوں اور کھیتوں میں کام کرنے والے مزدوروں کی حالت اس سے بھی بدتر ہے۔ انہیں اپنے ملک کے لیبر قوانین اور سماجی تحفظ کے قوانین سے محروم رکھا گیا ہے۔ 74 سال سے وطن عزیز پر مسلط سرمایہ داروں، جاگیرداروں اور افسر شاہی پر مشتمل ٹرائیکا ان مظالم کا ذمہ دار ہے۔ بظاہر ان کی الگ الگ پارٹیاں ہیں لیکن غریب عوام مزدوروں، کسانوں پر ظلم کرنے اور انہیں
محرومیوں کا شکار بنانے کے لیے ان کے حربے ایک طرح کے ہیں۔ ایک فیصد سے کم یہ مافیا 99 فیصد سے زیادہ عوام کی گردنوں پر سوار ہے۔ جماعت اسلامی اس ملک میں اسلامی انقلاب کی علمبردار ہے اور یہی واحد پارٹی ہے جو مزدوروں، کسانوں کی حقیقی نمائندگی کرتی ہے۔ الحمداللہ دیانت، امانت اور خدمت اس کا شعار ہے، یہ کسی خاندان یا مافیا کی نمائندہ نہیں ہے، واحد جمہوری پارٹی ہے جس کی قیادت معاشرے کے عام لوگوں کے ہاتھوں میں ہے اور یہی اس کا طرئہ امتیاز ہے۔ اس ملک میں مزدوروں، کسانوں کی تعداد اُن کی اصل قوت ہے۔ اپنی طاقت کو پہچانیں، ووٹ کی طاقت سے جماعت اسلامی کا ساتھ دیں تا کہ اسلامی انقلاب کا خواب شرمندہ تعبیر ہو۔ نظام مصطفی ہی مزدوروں، کسانوں اور غریب عوام کی محرومیوں کو ختم کرے گا۔ تعلیم، صحت اور خوشحالی کے دروازے کھلیں گے، اپنا گھر اور بچوں کا مستقبل محفوظ ہوگا۔ کارخانے اور کھیت کے منافع میں حصہ ملے گا، مزدور کنونشن سے نیشنل لیبر فیڈریشن کے مرکزی صدر شمس الرحمن سواتی، امیر جماعت اسلامی وسطی پنجاب جاوید قصوری، امیر ضلع سرگودھا مظہر رندھاوا، جماعت اسلامی لیبر ونگ گوجرانوالہ کے صدر رانا عبدالجبار، جنرل سیکرٹری ناصر مروت نے بھی خطاب کیا۔